تازہ ترین

پاک جنوبی افریقہ دوسرا ٹیسٹ جمعرات سے شروع ہو گا،آج پریکٹس کا آغاز

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ 4 فروری کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ، دونوں ٹیمیں قومی ایئر لائن کی خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی سے اسلام آباد پہنچ گئیں،دونوں ٹیمیں (آج)پیر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس کا آغاز کریں گی جبکہ پریکٹس کے بعد ہیڈکوچ مصباح الحق ورچوئل پریس کانفرنس کریں گے۔تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے دونوں ٹیمیں کراچی سے اسلام آباد پہنچ چکی ہیں ،پی آئی اے نے اپنی پرواز پی کے 368 خصوصی طور پر کرکٹ ٹیموں کیلئے مختص کی،پرواز پر کرونا سے بچاو کے تمام اقدامات کئے گئے۔جہاز ٹرمینل سے ہٹ کر لگایا گیا اور سرخ قالین بچھائے گئے۔پی آئی اے کے عملے نے دونوں ملکوں کے قومی پرچموں کے ساتھ ٹیموں کا استقبال کیا۔ جہاز کے اندر دونوں ملکوں کی زبانوں میں اناونسمنٹ کی گئیں اور دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔ دونوں ٹیمیوں کے اسکوارڈ نے اپنے اپنے قومی ترانواں کا با آواز بلند ساتھ دیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو سخت سیکورٹی میں ائیرپورٹ سے اسلام آباد کے فائیو اسٹار ہوٹل منتقل کیا گیا۔یکم فروری صبح دس بجے دونوں ٹیموں کا پریکٹس سیشن کا آغاز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہو گا۔بعد ازاں ہیڈکوچ مصباح الحق ورچوئل پریس کانفرنس کریں گے۔ دو فروری کو پریکٹس سیشن کے بعد کرکٹر فہیم اشرف ورچوئل پریس کانفرنس کریں گے جبکہ 3فروری کو پریکٹس سیشن کے بعد کپتان بابراعظم ورچوئل پریس کانفرنس کریں گے۔ 4 سے 8 فروری تک دوسرا ٹیسٹ ر اولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔ ہر دن کے اختتام پر کوئی نہ کوئی کھلاڑی ورچوئل پریس کانفرنس کرےگا۔ واضح رہے کہ پاکستان اور افریقہ کے درمیان 1995ءسے لے کر اب تک 27 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے۔جنوبی افریقہ کو 15 میچز میں فتح حاصل ہوئی جبکہ پاکستان کو 5 میچز میں جیت ہوئی،7 میچز ڈرا ہوگئے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*