پی ڈی ایم قصہ پارینہ بن چکی ، اٹھارہویں ترمیم میںنقائص دور کرنے کی ضرورت ہے، شبلی فراز

Shibli Faraz

اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ حکومت کےلئے ہی نہیں پورے ملک کےلئے قصہ پارینہ بن چکی ہے، یہ ایک ایسی تحریک تھی جس کی بنیادیں کھوکھلی تھی جبکہ عوام ہمیشہ کرپشن کے خلاف تحریکوں میں نکلتے ہیں، کرپشن کو بچانے کےلئے کسی کا ساتھ نہیں دیتے ہیں۔منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کابینہ اجلاس پر میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ اجلاس میں 15نکاتی ایجنڈا پر غور کیا گیا،شبلی فراز نے کہا کہ براڈ شیٹ کا معاملہ سال دو ہزار میں شروع ہوا تھا ، این آراو ملنے کے بعد براڈشیٹ کا معاملہ سردخانے میں چلا گیا ،شبلی فراز نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ براڈشیٹ کے معاملے پرحقائق سے قوم کو آگاہ کریں ، وزیر اعظم نے کہا کہ قوم کو بتائیں کہ براڈ شیٹ کو کیسے خریدنے کی کوشش کی گئی،وفاقی کابینہ نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے اختیارات سے متعلق بل کی منظوری دی ہے، بل میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دائرہ کار بڑھایا گیا ہے جبکہ موجودہ حکومت ادارہ جاتی اصلاحات کےلئے پرعزم ہے،وفاقی کابینہ اجلاس میںہائی سپیڈ ڈیزل کو ٹیکس اور ڈیوٹی سے استثنی کی منظوری دیدی گئی ،کابینہ اجلاس میں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل لاہور کو پولیس سٹیشن ڈیکلیئر کرنے کی منظوری دی گئی، اس کے علاوہ نوشہرہ میں کثیر المنزلہ عمارت کی تعمیر سے متعلق چار رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،شبلی فراز نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کو قرضوں کے علاوہ بیرونی فنڈز سے متعلق بریفنگ موخر کر دی گئی، وفاقی کابینہ نے لیگل اینڈ جسٹس ایڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کی منظوری بھی دی، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہا کہ اجلاس میں نیشنل طب کونسل کے نئے ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی، پاکستان کونسل فار سائنس و ٹیکنالوجی کے بورڈ آف گورنرز کی تعیناتی، کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے گزشتہ دور اجلاسوں اور اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی،وزیراطلاعات نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم پر کابینہ میں گفتگو ہوئی، اٹھارہویں ترمیم میں موجودہ نقائص کو دور کرنے کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمگل شدہ ناقص پٹرول سے خزانے کے ساتھ ماحول کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے اس پر بھی کابینہ میں بحث ہوئی۔ کابینہ اجلاس میں بتایا گیا کہ پٹرول کی سمگلنگ میں ملوث 192پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی گئی، جس کے تحت ان سے وضاحت طلب کی گئی ہے اور تسلی بخش جواب نہ ہونے پر ان کے پمپس کو مکمل بند کرایا جائے گا، کابینہ کو بتایا گیا کہ 2094پٹرول پمپس ناقص پٹرول کی سمگلنگ میں ملوث ہیں، ان کے خلاف کاروائی کی بھی کابینہ نے اجازت دی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اسلام آباد کے نوجوان مرحوم اسامہ ستی کیس پر بات کی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے اسامہ ستی قتل کیس کی تحقیقات مکمل کرلی ہیں جبکہ اس حوالے سے وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کو ذمہ داری سونپی گئی ہے اس پر کام کرنے کا کہا گیا ہے، کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری لاپتہ افراد کے حوالے سے بھی بریفنگ دی اور موجودہ صورتحال اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں براڈشیٹ فرم کے حوالے سے کئے جانے والے باتوں پر جائزہ لیا گیا اور اجلاس میں این آر او لے کر اپنے ناجائز دولت کو بچانے والوں کی حقیقت کو سامنے لانے پر بھی گفتگو کی گئی جبکہ اجلاس میں ملکی اداروں کو مذاق بنانے والوں سے متعلق بھی مزید انکشافات سامنے لانے پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں گندم کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا اور اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ کی جانب سے بروقت گندم کی فراہمی نہ ہونے سے ملک میں گندم کا بحران پیدا ہوا جبکہ اس حوالے سے بھی وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیا اور جامع رپورٹ پیش کرنے کا کہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کا پہلے دن سے موقف ہے کہ سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوں اور شفافیت کو لایا جائے اور پیسوں کے استعمال کو روکا جائے جبکہ اس حوالے سے یکسوں ہیں اور عدالتی احکامات کا انتظار ہے، قوم کو بھی معلوم ہے کہ ہم یہ قانون سازی کیوں کرنا چاہتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے بریفنگ میں کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ حکومت کےلئے ہی نہیں پورے ملک کےلئے قصہ پارینہ بن چکی ہے، یہ ایک ایسی تحریک تھی جس کی بنیادیں کھوکھلی تھی جبکہ عوام ہمیشہ کرپشن کے خلاف تحریکوں میں نکلتے ہیں، کرپشن کو بچانے کےلئے کسی کا ساتھ نہیں دیتے ہیں۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*