ٹم پین پاکستانی وکٹ کیپر ہوتے تو لوگ ان کا جینا حرام کردیتے‘ کامران اکمل

لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے پیر کے روز یوٹیوب کی ایک ویڈیو میں آسٹریلوی کپتان اور وکٹ کیپرٹم پین کو خوش قسمت قرار دیا جنہوں نے بھارت کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والے ٹیسٹ میں کئی کیچز چھوڑے تھے ، کامران اکمل نے کہا کہ پاکستان میں لوگ ٹم پین کے بارے میں خوفناک باتیں کرتے۔ 38 سالہ کامران اکمل نے دعویٰ کیا کہ تمام وکٹ کیپر کیچز چھوڑتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلین کھلاڑی اگر کیچز پکڑ لیتے تو جیت کا جشن منا رہے ہوتے لیکن ایسا نہیں ہوسکا، ان کی فیلڈنگ نے انہیں جیت سے محروم رکھا، آپ کے میدان میں اچھے اور برے دن آتے ہیں،آسٹریلین ٹیم زیادہ غلطیاں نہیں کرتی لیکن انہوں نے ایک ہی دن میں بہت زیادہ غلطیاں کرڈالیں،ٹم پین کے لیے یہ بہت برا دن رہا، ہر وکٹ کیپر کیچز ڈراپ کرتا ہے لیکن ہم کیا کہ سکتے ہیں۔کامران اکمل کا مزید کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ پاکستان وہاں نہیں کھیل رہا تھا اور ٹم پین پاکستانی ٹیم میں نہیں تھے ورنہ پاکستانی شائقین ان کے بارے میں بہت سی باتیں کرتے۔ اب وہ دیکھنا چاہیں گے کہ ان کے خلاف باتیں کرنے والے لوگ اب کیا کہتے ہیں، آسٹریلیا اور بھارت کا ٹیسٹ دلچسپ تھا ، آسٹریلیا نے میچ جیتنے کی بہت کوشش کی، انہوں نے میچ میں کہیں بھی امید نہیں کھوئی کہ وہ جیت نہیں سکتے، ان کا یہی رویہ ان کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*