کورونا وبا پر قابو نہ پاسکے تو کیسز جون کی سطح تک پہنچ جائینگے ، اسد عمر

اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی واصلاحات اور چیئرمین این سی اوسی اسدعمر نے خدشہ ظاہرکرتے ہوئے کہاہے کہ گزشتہ پانچ ہفتوں کے دوران کورونا کے کیسز میں چار گنا اضافہ ہواہے اور اس میں مزید اضافہ ہوگا ، اگر ہم اس کو قابو میں نہ لاسکے تو دو ہفتے میں وہی حالات ہوں گے جو جون میں تھے ، اگر ہم سنجیدہ ہیں کہ عوام کے جان ومال کو تحفظ ملے تو ہمیں سب سے پہلے اپنے اوپر پابندی لگانی ہوگی۔بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ این سی او سی اجلاس میں تجاویز دی گئیں تھیں کہ آﺅٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی لگائی جائے ، اب احتیاط نہیں کی جا رہی ،بے احتیاطی کی جارہی ہے ،اس پر بھی سیاسی ہم آہنگی نہیں ہوسکی ، پانچ ہفتوں میں کورونا کیسز میں چار گنا اضافہ ہوا،ہسپتالوں میں بھی کورونا پھیل رہا ہے ، ابھی اس میں مزید اضافہ ہوگا، اگر ہم اس کو قابو میں نہ لاسکے تو دو ہفتے میں وہی حالات ہوں گے جو کورونا وباءکے جون میں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ این سی او سی کا فیصلہ تھا کہ ایسی کوئی آﺅٹ ڈور سرگرمی جس میں 300سے زیادہ لوگ ہوں اس پر پابندی ہے اس کی اجازت بھی نہیں دی جاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ جلسوں میں تعداد کو محدود کیا جائے ، ایسا ممکن ہی نہیں کہ 15000سے20,000لوگ اکٹھے ہوں اور ایس او پیز پر عمل درآمد کیا جا سکے ، ہم کیسے کسی تاجر کو کہہ سکتے ہیں کہ تم اپنے کاروبار پر بندش لگا لو لیکن سیاسی قیادت اپنے اوپر کوئی پابندی لگانے کو تیار نہیں ، اگر ہم سنجیدہ ہیں کہ عوام کے جان ومال کو تحفظ ملے تو ہمیں سب سے پہلے اپنے اوپر پابندی لگانی ہوگی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*