وزیر اعظم عمران خان بلوچستان کی ترقی کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں،چیف سیکرٹری بلوچستان

تربت(خ ن)گزشتہ روز چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر نے تربت شہر کا مختصر دورہ کیا۔ اس دورے میں ان کے ہمراہ وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی، ممبر صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے مزہبی امور لالہ رشید احمد دشتی اور دیگر عہدہ داران بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان کا تربت ایرپورٹ پر شاندار استقبال کمشنر مکران طارق قمر بلوچ اور ڈپٹی کمشنر کیچ میجر (ر) الیاس کبزءنے کیا. اس دوران انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے متوقع دورہ تربت کے حوالے سے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور وہاں پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان بلوچستان کی ترقی کے لیے انتہائی سنجیدہ ہیں اور چاہتے ہیں کہ بلوچستان کے پسماندہ اضلاع میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے تاکہ یہ پسماندہ علاقے بھی ملک کے دیگر علاقوں کے برابر پہنچ سکیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ تربت انتہائی کلیدی اہمیت کا حامل ہے جس کے ثمرات بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے انتہائی دیرپا ثابت ہونگے۔ دریں اثناءانہوں نے تربت یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بلوچستان کو ایک ترقی یافتہ صوبہ دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ اپنے دورہ تربت میں جنوبی بلوچستان کے پسماندہ اضلاع کے لیے ایک خصوصی پیکیج کا اعلان کرینگے اور تربت شہر میں شروع کیے گئے مختلف ترقیاتی کاموں کا بھی افتتاح کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم اس دورے میں مختلف قبائلی عمائدین اور عوامی اجتماعات سے بھی خطاب کرینگے۔ آخر میں انہوں نے کمشنر مکران کے آفس میں ایک اجلاس میں بھی شرکت کی جسمیں صوبائی وزیر خزانہ ظہور احمد بلیدی اور ممبر صوبائی اسمبلی لالہ رشید احمد دشتی کے علاوہ کمشنر مکران طارق قمر بلوچ،ڈی سی کیچ میجر (ر) الیاس کبزءاور دیگر اعلیٰ سول اور عسکری حکام موجود تھے۔اس دوران چیف سیکرٹری بلوچستان کو وزیراعظم پاکستان کے متوقع دورہ کے حوالے سے سیکیورٹی بریفنگ دی گئی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*