پاکستانی امپائر احسن رضا نے ٹی20کرکٹ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

Umpire Ahsan Raza

راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک)علیم ڈار کے بعد پاکستان کے نامور امپائر احسن رضا نے بھی نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور 50ٹی 20میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر بن گئے۔احسن رضا نے 49ٹی20میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل کر رکھا تھا لیکن زمبابوے اور پاکستان کے درمیان دوسرے ٹی20میچ میں امپائرنگ کی بدولت وہ 50ویں انٹرنیشنل ٹی20میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر بن گئے۔راولپنڈی میں دوسرے ٹی20 میچ سے قبل علیم ڈار نے انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے یادگاری شیلڈ پیش کر کے اس اعزاز کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔احسن رضا نے کہا کہ کبھی سوچا بھی نہ تھا میں دنیا میں 50 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز حاصل کرنے والا دنیا کا پہلا امپائر بنوں گا۔میں نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے بہت محنت کی، پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی سپورٹ حاصل رہی جس کی وجہ سے میں اس مقام پر پہنچا ہوں۔2009میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گرد حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے امپائر نے کہا کہ وہ حادثہ گزر چکا ہے اور میں اس کو بھول چکا ہوں، اب ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی رونقیں بحال ہو چکی ہیں اور میں چاہتا تھا کہ لوگ مجھے میری امپائرنگ سے یاد رکھیں۔احسن رضا ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہوئے وکٹ کیپنگ کرتے تھے اور وہ سمجھتے ہیں ان کے درست فیصلوں میں اس تجربے کا بھی بہت عمل دخل ہے جو انہیں وکٹ کیپنگ کرتے ہوئے حاصل ہوا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح امپائرنگ میں ہر گیند پر فیصلہ نہیں کیا جاتا، بالکل اسی طرح وکٹ کیپنگ میں ہر گیند پر کیچ یا اسٹمپ نہیں آتا اس لیے آپ کی توجہ مستقل برقرار رہتی ہے۔اب امپائرنگ ایک پیشے سے بڑھ کر ہے کیونکہ کھیل میں حد سے زیادہ ٹیکنالوجی آنے کی وجہ سے امپائرز کو بہت زیادہ فوکس کرنا پڑتا ہے۔دلچسپ امر یہ ہے کہ ٹی20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ میچوں میں امپائرنگ والوں کی فہرست میں دوسرا نمبر بھی پاکستان ہی کے علیم ڈار کا ہے جو اب تک 47ٹی20 میچوں میں فرائض انجام دے چکے ہیں۔اس فہرست میں تیسرا نمبر انگلینڈ کے ای این گولڈ کا ہے جو 37 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں امپائرنگ کا اعزاز رکھتے ہیں۔علیم ڈار کے بعد پاکستان کے نامور امپائر احسن رضا نے بھی نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور 50ٹی 20میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے والے دنیا کے پہلے امپائر بن گئے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*