عمران خان کی جعلی حکومت جا رہی ہے ، اس کے دن گنے جا چکے ہیں ،مریم نواز

چلاس(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ ( ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی جعلی حکومت جا رہی ہے ۔ اس کے دن گنے جا چکے ہیں ،دیا مر بھاشا ڈیم کے متاثرین کو ان کا حق اورمعاوضہ ملنا چاہئے، گلگت بلتستان صوبہ بھی بنے گا اور اس کو اس کے حقوق بھی ملیں گے، چلاس کے متاثرین کو معاوضہ نوازشریف دیں گے، یہ لاکھ چاہیں دھاندلی کرلیں، جہاں شیر کھڑا ہوجائے تو گیدڑ بھاگ جائیں گے، اتوار کو چلاس میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چلاس پہلی بار آئی ہوں لگتا ہے میرا آپ سے پرانا رشتہ ہے ۔ آپ سے یہ رشتہ داری آخری سانس تک نبھاﺅں گی ۔ دیامر سے شیر جیتے گا ،ابھی الیکشن آیا نہیں یہاں دھاندلی کے انبار لگ گئے ہیں ۔ شیر جب کھڑا ہو جائے تو سب گیدڑ بھاگ جاتے ہیں ۔ آپ نے ووٹ کو چوری نہیں ہونے دینا اپنے ووٹ پر پہرہ دینا ۔ انہوں نے کہا کہ چلاس سے مسلم لیگ (ن) کا ایک امیدوار لوٹا ہو گیا ہے ۔ وہ لوٹا یہاں وزیر بھی رہا ہے ۔ جو اچھے وقت میں ساتھ رہے فائدے اٹھائے ، دباﺅ آنے پر لوٹا بننے والا آپ کے ووٹ کا حق دار نہیں ۔ گلگت بلتستان میں نئی روایت قائم کرو ۔ ایسے لوٹوں کو گھر پہنچا کر رہوتاکہ پھر کسی کی جرات نہ ہو کہ آپ کے ووٹ کی پرچی کو بیچ سکے ۔ جو آپ کے لئے کھڑا نہیں ہو سکا وہ کسی اور کے لئے کیا کھڑا ہوگا ۔ مریم نواز نے کہا کہ آپ نے دھاندلی کا منصوبہ ناکام بنانا ہے ۔ گلگت ائیر پورٹ ، سپورٹس کمپلیکس ، کیڈٹ کالج، سڑکیں نواز شریف نے بنوائی ہیں ۔ گلگت بلتستان کی ترقی خوشحالی اور سستی روٹی کو ووٹ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی وجہ سے بہت سے خاندان متاثر ہوئے ۔ ان کو زمینوں کا صحیح معاوضہ نہیں ملا ، یہ معاوضہ آپ کا حق ہے آپ کو ملنا چاہیے ۔ گلگت بلتستان صوبہ بنے گا ، صوبے کے حقوق بھی ملیں گئے ، آپ کو آپ کا معاوضہ بھی ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو ووٹ دے کر لوٹوں کو شکست دینا ۔ عمران خان کی جعلی حکومت جا رہی ہے ۔ اس کے دن گنے جا چکے ہیں ۔ گلگت بلتستان کے انتخابات میں چلاس کے بھائیو اس حکومت کو آخری دھکا دو اور گھر بھیجو۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*