تعلیم کے شعبے میں موجود طبقاتی تقسیم کو ختم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمران خان

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں موجود طبقاتی تقسیم کو ختم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، یکساں نظام تعلیم نا صرف دور جدید کا تقاضا ہے بلکہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے، نئی نسل کوخاتم النبین حضرت محمد کی حیات مبارکہ اور سنت کے متعلق مکمل آگاہی ہونی چاہیے ، قومی تعلیمی پالیسی سے تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی اور معاشرے کے تمام طبقات کو با اختیار بنانے کے مساوی مواقع فراہم ہوں گے، نئی پالیسی کی بدولت پاکستان میں معیاری تعلیم کا حصول ممکن ہو سکے گا،یکساں نظام تعلیم خطے کے دیگر ممالک کے لیے قابل تقلید مثال قائم کرے گا۔ پیر کووزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی یکساں نصاب تعلیم کے حوالے سے اجلاس ہوا،اجلاس میں وفاقی وزیر شفقت محمود، وزیر تعلیم پنجاب مراد راس، وزیر برائے اعلی تعلیم پنجاب یاسر ہمایوں، وزیر تعلیم خیبر پختونخوا شہرام ترکئی، پارلیمانی سیکرٹری وفاقی وزارت تعلیم وجیہہ اکرام اور سینئیر افسران شریک ہوئے۔وفاقی وزیر شفقت محمود نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ قومی سطح پر یکساں نصاب متعارف کرنے کا مقصد طلبا میں تجزیاتی اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرناہے۔اس نظام میں طلبا کو نصابی تعلیم اور پاکستانیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سچائی، ایمانداری، برداشت، احترام، باہمی ہم آہنگی، ماحولیات کے بارے آگاہی، جمہوریت، انسانی حقوق، دیرپا ترقی اورذاتی تحفظ جیسے سنہری اصولوں سے آراستہ کرنا ہے۔ یکساں نظام تعلیم میں طلبا کی کرداری سازی پر خصوصی توجہ رکھی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ نصاب دیرپا ترقی کے اہداف کو مد نظر رکھتے ہوے مرتب کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق ملک کے تمام نجی و سرکاری سکولوں اور دینی مدارس پر بھی ہوگا۔اسلامی تعلیمات کے فروغ کی خاطر اسلامیات کو درجہ اول سے بارہویں جماعت تک نصاب میں بطور علیحدہ مضمون کے پڑھایا جائے گا۔ اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے طلبا کے لیے مذہبی تعلیمات کے نام سے ایک الگ مضمون متعارف کیا گیا ہے جو پہلی جماعت سے پڑھایا جائے گا۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ یکساں نصاب تعلیم کا محور طلبا کو دور حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔ اس ضمن میں تمام شراکت داروں سے مشاورت کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں ملک میں موجود طبقاتی تقسیم کو ختم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ یکساں نظام تعلیم نا صرف دور جدید کا تقاضا ہے بلکہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نئی نسل کوخاتم النبین حضرت محمد کی حیات مبارکہ اور سنت کے متعلق مکمل آگاہی ہونی چاہیے کیونکہ حضرت محمد کی حیات طیبہ ہی ہمارے لئے رول ماڈل ہے اور ان کی سنت ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ قومی تعلیمی پالیسی سے تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی اور معاشرے کے تمام طبقات کو با اختیار بنانے کے مساوی مواقع فراہم ہوں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ اس نظام کی کامیابی تدریسی عملے کے انتخاب اور استعداد کار میں اضافے پر منحصر ہے۔ نئی پالیسی کی بدولت پاکستان میں معیاری تعلیم کا حصول ممکن ہو سکے گا۔ یکساں نظام تعلیم خطے کے دیگر ممالک کے لیے قابل تقلید مثال قائم کرے گا۔وزیر اعظم کو اسلام آباد کے وفاقی نظامت تعلیم کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی اور تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*