نواز شریف عدالتوں میں غلط بیانی کر کے لندن بھاگے ،سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم

اسلام آباد(آئی این پی ) سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ نواز شریف عدالتوں میں غلط بیانی کر کے لندن بھاگے ہیں، اپوزیشن بھان مٹی کا ٹولہ ہے، ہر جماعت کے پاس اپنا چورن ہے جو وہ شب دیگ میں ڈال رہی ہے، انہیں سوچنا چاہیے کہ اپنے بیانیے سے کس کے ہاتھ مضبوط کر رہے ہیں، ملک کو آج ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک دوسرے اور مولانا فضل الرحمن ان دونوں پر اعتماد نہیں کرتے، پاکستان کے عوام اب ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔ جمعہ کو ایوان بالا میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بات یہاں جمہوریت اور جمہوری اداروں کی مضبوطی اور پارلیمان کی جاتی ہے، تحریک کا نام پی ڈی ایم رکھا جاتا ہے لیکن اعتراض اس بات پر کیا جاتا ہے کہ سینیٹ کا اجلاس کیوں بلایا جاتا ہے، اصل میں سیاست انہوں نے کم کی ہے اور سازشیں زیادہ کی ہیں، اپوزیشن دل بڑا کرے اور اپنے اندر بات سننے کا حوصلہ بھی پیدا کرے، یہ جو بیانیہ لے کر چلی ہے بتائے کہ اس کی لڑائی کس سے ہے، ایک طرف کہتے ہیں کہ ہماری لڑائی حکومت سے نہیں، اس کو لانے والوں سے ہے، تو پھر ہمیں تو پاکستان کے عوام لائے ہیں، کیا آپ نے علم جنگ پاکستان کے عوام کے خلاف بلند کیا ہے، نواز شریف خود لندن میں بیٹھے ہیں اور یہاں پر لوگوں کو کہتے ہیں کہ میں تو بھاگ آیا ہوں آپ جیل چلے جائیں، یہاں پر آج فاتحہ خوانی کی گئی ہے اور شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے جبکہ ان کے بیٹے لندن میں آرام سے بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بھان مٹی کا ٹولہ ہے، جس کے پاس جو چورن ہے وہ شب دیگ میں ڈال رہا ہے لیکن انہیں اس سے کچھ نہیں ملنا اور یہ شب دیگ ہی الٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے، دشمن سرحدوں پر کشیدگی کے ساتھ ساتھ ملک میں فرقہ واریت اور صوبائیت پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، اداروں اور بالخصوص فوج اور عدلیہ کو کمزور کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، اپوزیشن اپنے بیانیے سے کس کے ہاتھ مضبوط کر رہی ہے، اس کے بیانیے سے ادارے مضبوط نہیں ہوں گے اور نہ ہی ملک کو کوئی فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک دوسرے پر اعتبار نہیں کرتے اور مولانا فضل الرحمن کو ان دونوں پر اعتماد نہیں ہے، یہ صرف اپنی چوری بچانے اور عوام کے غیض و غضب سے بچنے کے لئے ایک دوسرے کے ہاتھ مضبوط کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام اب ان کا ساتھ نہیں دیں گے، پچھلے دو سال کے دوران ہم نے ان کا ملبہ صاف کیا ہے اور ملک کو ترقی کے راستے پر ڈالنے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*