انگلینڈ کے دورہ پاکستان کے بڑے مثبت اثرات ہونگے،احسان مانی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ انگلینڈ کا ایک ہفتے کیلئے اگلے برس کے اوائل میں پاکستان کا دورہ کرنا ایک چھوٹا قدم ضرور ہو گا لیکن اس چھوٹے قدم کے مثبت اثرات بڑے ہوں گے۔ نجی ٹی وی کو دئےے گئے انٹرویو میںچیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم مختصر دورے کے لیے پاکستان آتی ہے تو یہ ایک بڑا بریک تھرو ہو گا اور اس چھوٹے قدم کے اثرات بڑے ہوں گےاور اس سے دوسری ٹیموں کا پاکستان پر اعتماد بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے بارہ 13کھلاڑی پہلے ہی پی ایس ایل کھیلنے کے لیے پاکستان آ چکے ہیں، انہیں یہاں آکر کوئی مسئلہ نہیں ہوا بلکہ آرام دہ ماحول میں رہے، اب بھی اگر یہ دورہ ہوتا ہے تو یہ ایک چھوٹا دورہ ہو گا جو کہ ایک ہفتے کا ہو سکتا ہے لیکن اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ آسٹریلیا کو 2021کے سیزن کیلئے آسانی ہوگی۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس کے بعد اسی طرح سے دورے ہوں گے، انگلینڈ کی ٹیم مکمل دورے کے لیے پاکستان آئے گی اور میں سمجھتا ہوں کہ چھوٹے چھوٹے بلڈنگ بلاکس سے ہم بڑی عمارت کھڑی کر لیں گے۔احسان مانی نے مزید کہا کہ راتوں رات ٹیمیں پاکستان آنے کے لیے حامی نہیں بھر رہیں، وہ صرف ایک مرتبہ کہنے پر پاکستان ٹیمیں نہیں بھیج رہے، یہ سب پاکستان اور پی سی بی کی ساکھ اور اس پر اعتماد کا نتیجہ ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*