14ممالک میں کارپٹ مصنوعات متعارف کرانے کیلئے تجاویز حکومت کو ارسال

کراچی /لاہور( کامرس ڈیسک)پاکستان کارپٹ ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا ہے کہ 14نئے ممالک میںپاکستانی کارپٹ کی مصنوعات متعارف کرانے کیلئے تجاویز حکومت کو ارسال کی ہیں ،کورونا وائرس کی وباءکی وجہ سے امسال ستمبر میں شیڈول کارپٹ کی عالمی نمائش منعقد نہیںہو سکی تاہم کوشش ہے کہ ورچوئل نمائش کےلئے پیشرفت کی جائے جس کےلئے مشاورت کی جائے گی ،حکومت سے درخواست ہے کہ فریٹ سبسڈی دی جائے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ پرویز حنیف ،سینئر مرکزی رہنماعبد اللطیف ملک،سعید خان ،میجر (ر) اخترنذیر،اعجازالرحمان،اکبر ملک،دانیال حنیف ،فیصل سعید خان اوردیگر بھی موجودتھے۔اجلاس میںہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کودرپیش مسائل اور ان کے حل کے حوالے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ریاض احمد نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کی جانب سے نمائش میں شرکت کے حوالے سے عائد پانچ سال کی پابندی ختم کی گئی ہے جس کا جلد باضابطہ مراسلہ بھی جاری کیا جائے گا۔ مطالبہ ہے کہ اس صنعت سے وابستہ برآمدکنندگان کی مشکلات میں کمی کےلئے اقدامات کئے جائیں۔ حکومت نے عالمی نمائشوں میں شرکت کے حوالے سے 80/20کے فارمولے پر عملدرآمدکی یقین دہانی کرائی ہے اور یہ بھی امید دلائی گئی ہے کہ نمائشوںمیں شرکت کے دوران جومصنوعات فروخت نہیں ہو سکیں گی حکومت ان کی واپسی کے اخراجات برداشت کرے گی ۔ ریاض احمد نے کہ کہ بہت جلد وزارت تجارت اور ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذمہ داران سے بھی ملاقاتیں کر کے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کریں گے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*