نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، عمران خان

اسلام آ باد (آئی ا ین پی ) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا، غیر ضروری ریگولیشنز کا خاتمہ، ٹیکس کے نظام میں بہتری اور صنعتی عمل سے وابستہ کاروباری برادری کے لئے ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، کاروباری برادری سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ان کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے اصلاحاتی و سہولت کاری کے عمل کو مزید آگے بڑھایا جائے ۔ جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان سے ملک کے معروف صنعت کاروں اور کراچی کی کاروباری تنظیموں کے نمائندگان کے وفد نے ملاقات کی ، وفد میں میاں انجم نثار، شارق وہرا، سلیم الزماں، فیصل معیض، محمد علی، عبدالہادی، نوید شکور، انجینئر نثار ، اجمل افضل اور زبیر باویجہ شامل وفاقی وزیر اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داد، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ، چیئرمین ایف بی آر و دیگر سینئر افسران شریک گورنر سندھ عمران اسمعیل بھی موجود تھے ،وفد ممبران نے کراچی پیکیج، ملک میں صنعتی عمل خصوصا چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کے فرو غ کے حوالے سے حکومتی پالیسی اور اقدامات کو سراہاوفد نے کاروباری برادری کو درپیش مشکلات سے بھی وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا۔ حکومتی ٹیم نے کاروبار میں آسانیاں فراہم کرنے اور کاروباری عمل کو آسان بنانے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنا، غیر ضروری ریگولیشنز کا خاتمہ، ٹیکس کے نظام میں بہتری اور صنعتی عمل سے وابستہ کاروباری برادری کے لئے ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ان کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے اصلاحاتی و سہولت کاری کے عمل کو مزید آگے بڑھایا جائے۔دریں اثناءوزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کے نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع فراہم کرنا، ملکی برآمدات میں اضافہ اور ملک میں دولت کی پیداوار حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومتی ترجیحات کے پیش نظر تمام وفاقی محکمے اور صوبائی حکومتیں ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں، حکومت ایس ایم ایز کو تمام ممکنہ آسانیاں بشمول قواعدو ضوابط کو آسان بنانے، کریڈٹ کی فراہمی، ٹیکس کے نظام کو سہل بنانے اور کاروبار میں سہولت کاری کے لئے پرعزم ہے۔ جمعرات کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی برائے سمال اینڈ میڈیئم انٹرپرائز کا ا جلاس ہوا جس میں وزیر صنعت محمد حماد اظہر، مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، وفاقی سیکرٹری صاحبان و دیگر سینئرافسران شریک ہوئے ۔ گورنر سٹیٹ بنک اور صوبائی چیف سیکرٹری صاحبان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ، اجلاس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے مجوزہ نیشنل ایس ایم ای پالیسی 2020 وزیرِ اعظم کو پیش کیا گیا ،وزیرِ اعظم کو مجوزہ پالیسی کے خدو خال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی ،وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو نوکریوں کے مواقع فراہم کرنا، ملکی برآمدات میں اضافہ اور ملک میں دولت کی پیداوار حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ ان تینوں ترجیحات کے حوالے سے طے شدہ اہداف کے حصول میں کلیدی کردار کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ دس سالوں میں ایس ایم ایز کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا جس کے نتیجے میں ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومتی ترجیحات کے پیش نظر تمام وفاقی محکمے اور صوبائی حکومتیں ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ پر خصوصی توجہ دیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت ایس ایم ایز کو تمام ممکنہ آسانیاں بشمول قواعدو ضوابط کو آسان بنانے، کریڈٹ کی فراہمی، ٹیکس کے نظام کو سہل بنانے اور کاروبار میں سہولت کاری کے لئے پرعزم ہے۔ وزیرِ اعظم نے وزیر صنعت کو ہدایت کی صوبوں کی مشاورت سے مجوزہ ایس ایم ای پالیسی پر عمل درآمد کے حوالے سے ٹائم لائنز پر مبنی روڈ میپ کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*