فوڈ ٹیسٹنگ کےلئے موبائل لیب کے قیام کی منظوری

گذشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی اور حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق فوڈ ٹیسٹنگ کے طریقہ کار کو سہل بنانے اور عوام کو غذائیت سے بھرپور خوراک مہیا کرنے کے حوالے سے بلوچستان فوڈاتھارٹی کو کوئٹہ اور خضدار میں فوڈ ٹیسٹنگ کے لئے موبائل لیب کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔
صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہمیں صوبے کی انتظامی اور مالی امور کو ایک درست سمت دینی ہے، ایک ایسے میکنزم اور لائحہ عمل کو ترتیب دینا ہے جس سے مجموعی طور پر ایک بہتر تبدیلی آئے اور عوام بھی حکومت کے احسن اقدامات کے ثمرات سے استفادہ کرے،ہمیں مثبت انداز سے حکومت کے ترقیاتی اقدامات اور پالیسیوں کو اجاگر کرنا ہے تاکہ صوبے کی عوام حکومت کے عملی اقدامات سے مستفید ہوں ، تاکہ اس حوالے سے میڈیا کو بروئے کار لاتے ہوئے حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور تمام شعبوں میں ہونے والے دیگر مثبت اقدامات کی بھرپور تشہیر ہوسکے اور صوبے کی عوام کو حکومت کے ترقیاتی وژن سے متعلق موثر آگاہی فراہم ہوسکے۔
یہ بات حقیقتا خو ش آئند ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فوڈ ٹیسٹنگ کےلئے موبائل لیب کے قیام کی منظوری د ی گئی ۔ موبائل لیب کے قیام سے صو بے کی عوام کو حفظان صحت کی سہولیات کی فراہمی میں آسانی ہو گی اورعوام کو معیاری خوراک کی فراہمی میں احسن اقدامات کئے جا سکیں گے ۔ فوڈ ٹیسٹنگ موبائل لیب غیر معیاری اشیاءخوردونوش کی فروخت کے سد باب میں بھی اہم پیشرفت کے مترادف ہے کیونکہ موبائل لیب کے ذریعے موقع پر بھی اشیاءخوردونوش کو جا نچا جا سکے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں فوری اقدام کیا جا سکے گا جو کہ عوام کیلئے خو ش آئند اقدام ہے۔
موجودہ صوبائی حکومت نے اپنے احسن اقدامات سے ثابت کر دیا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت حقیقی عوامی حکومت ہے اور صوبے کی ترقی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت چیک اینڈ بیلنس نظام کو مستقل بنیادوں پر عوامی مفاد کے پیش نظر مزید مو ثر بنائے گو کہ فوڈ ٹیسٹنگ موبائل لیب کا قیام احسن اقدام ہے اس کے ساتھ ساتھ پرائس کنٹرول سسٹم کو بھی مد نظر رکھے اور سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق اشیاءخوردونوش کی فروخت کو عملی جامہ پہنائے ۔
امید ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیاد ت میں عوامی سہولت کے پیش نظر اور صوبے کی ترقی کیلئے مزید احسن اقدامات کر یگی اور عوامی مشکلات کے ازالہ کیلئے موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*