صحت مند معاشرے کےلئے کھیلوں کی سرگرمیاں ناگزیر

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ ایک صحت مند معاشرے کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں ناگزیر ہے کھیل کے میدان سے وابستہ نوجوان مثبت سوچ رکھتے ہیں اور ایک تعمیری معاشرے کی تشکیل کا باعث بنتے ہے۔ صوبے کے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر احسن انداز سے صوبے کی نمائندگی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ جس کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ کھیل اور کھلاڑیوں کو ہر سطح پر سپورٹ کیا جائے اور حکومت اس حوالے سے اپنا تعاون جاری رکھیں گی۔ حکومت کی بھی یہی کوشش ہے کے صوبے کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو پیش کرنے کے لیے ان بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے ہزارہ ٹاون میں شوتوکان کراٹے اکیڈمی کے دورے کے موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا مذکورہ بالا بیان خو ش آئند ہے اور کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو پیش کرنے کے لیے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنا قابل تعریف ہے ۔اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ حکومت کھیل کے میدان آباد کرنے کیلئے احسن اقدامات کررہی ہے ،جس معاشر ے میں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں اور نوجوان نسل بھی نشہ و دیگر معاشرتی خرابیوں سے دور رہتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کو منوانے کیلئے اپنا لوہا منواتے ہیں۔
کھیلوں کے فروغ کیلئے میدانوں کا ہونا بہت ناگزیر ہے کیونکہ جتنے زیادہ میدان ہونگے اہل علاقہ اتنا زیادہ کھیلوں میں مشغول رہیں گے۔جہاں تک صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی بات کی جائے تو شہر میں میدانوں کا فقدان ہے جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے ،حالیہ دنوں میں شہر میں آبادی کے لحاظ سے میدان نہ ہونے کے برابر ہیں ،موجودہ صوبائی حکومت جو کہ پہلے ہی کھیلوں کے فروغ کیلئے کوشاں ہے کو شہر یوں کو نئے میدان فراہم کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہیئں ۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ کھیلوں کے فروغ اور میدانوں کو آباد کرنے سے ہی معاشرتی برائیوں پر قابو پایا جا سکتا ہے اس لئے موجودہ صوبائی حکومت کو اس پر مزید توجہ دینی ہوگی ، ان ڈوراور آﺅٹ ڈور سپورٹس ایونٹ منعقدہ کرائے جائیں تاکہ ان ایونٹس میں باصلاحیت کھلاڑیو ں کو تیار کر کے اپنے صوبے اور ملک کی نمائندگی کیلئے تیار کیا جائے، کیونکہ صوبے میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے صرف حکومتی سر پرستی کی ضرورت ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*