تازہ ترین

زمبابوے حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت دیدی ،شیڈول جاری

لاہور (سپورٹس ڈیسک)زمبابوے کی حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو مختصر دورانئے کی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے کی اجازت دیدی ، جو رواں سال اکتوبر اور نومبر میں کھیلی جائے گی۔سیریز میں3ون ڈے اور3ٹی ٹوئنٹی کھیلے جائیں گئے۔پہلا ون ڈے 30اکتوبر، دوسرا یکم اور تیسرا ایک روزہ میچ 3نومبر کو راولپنڈی میںکھیلا جائے گا۔ پہلا ٹی 20 ،7 نومبر، دوسرا 8 اور سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 10نومبر کو ملتان میں کھیلا جائیگا۔ زمبابوے سپورٹس اینڈ ری کری ایشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل پرنس موپازویریہو نے زمبابوے کرکٹ بورڈ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ یوتھ، سپورٹس، آرٹس اینڈ ری کری ایشن کی وزارت آپ کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے پاکستان کا دورہ کرنے کی باقاعدہ اجازت دیتی ہے جبکہ زمبابوے کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ٹاوینگوا موکوہلانی نے حکومت کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے ملکی کرکٹ کیلئے بھی خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دورہ پاکستان کی اجازت دینے پر حکومت اور متعلقہ حکام کے شکر گزار ہیں اور جلد از جلد پاکستان جانے کے منتظر ہیں کہ ہم دوبارہ کرکٹ کے میدان میں جذبے اور وقار کیساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کریں گے۔ واضح رہے کہ زمبابوے کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان کے دوران تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں، پہلا میچ 30اکتوبر، دوسرا یکم اور تیسرا میچ تین نومبر کو کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی 20میچز پر مشتمل سیریز بھی کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ 7 نومبر، دوسرا میچ 8نومبر اور سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 10نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ زمبابوے کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کی تیاریوں کیلئے پہلے ہی 25کھلاڑیوں پر مشتمل ٹریننگ سکواڈ کا اعلان کر چکا ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*