گجرپورہ خاتون زیادتی کیس ، ملزم شفقت علی گرفتار، ملزم کا اعتراف جرم

لاہور (آئی این پی)گجرپورہ خاتون زیادتی کیس میں ملوث ملزم شفقت علی کو پولیس نے حراست میں لے لیا،شفقت کا تعلق دیپال پور سے ہے، شفقت علی نے اعتراف جرم بھی کرلیا، پولیس ذرائع کے مطابق مرکزی ملزم عابد علی تاحال فرار ہے، اس کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پیر کے روز گجرپورہ میں قانون کے ساتھ زیادتی کیس میں پولیس کی جانب سے اہم پیشرفت ہوئی ہے، پولیس ذرائع کے مطابق خاتون زیادتی کیس میں شفقت علی ولد اللہ دتہ کو دیپال پور سے گرفتار کیا گیا ہے، دوران حراست شفقت علی نے پولیس کو اپنے بیان میں جرم کا اعتراف کیا اور بتایا کہ واقعہ کے وقت وہ مرکزی ملزم عابد علی کے ہمراہ تھا،شفقت علی نے مزید کہا کہ واردات کے وقت انہوں نے پہلے خاتون سے ڈکیتی کی اور بعد میں زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ عابد علی کے ساتھ مل کروارداتیں کیں، ایک ماہ قبل شیخوپورہ میں خاتون سے زیادتی کی کوشش کی تھی، پولیس کے پہنچنے پر زیادتی کئے بغیر فرار ہو گئے تھے، اس واقعہ کے بعد میں دیپالپور اور عابدعلی مانگا منڈی اپنے والد کے پاس چلاگیا۔ شفقت نے بتایا کہ مرکزی ملزم عابد علی سے آخری بار 3روز قبل رابطہ ہوا ہے۔ شفقت نے کہا کہ وہ اور عابد ڈکیٹ گروپ سے منسلک ہیں جو کچے کے علاقوں میں رہتے ہیں،وہ بھی واردات کرنے کے بعد کچے کے علاقوں میں روپوش ہوگئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق شقفت علی کو وقار الحسن اور عباس کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ملزم شفقت کا ڈی این اے بھی میچ کر گیا ہے اور اس سے متعلق جلد حتمی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھیجی جائے گی۔ پولیس کے مطابق مرکزی ملزم عابد علی تاحال فرار ہے اور اس کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*