پی این ایس، یرموک کی شمولیت ،پاک بحریہ کی طاقت بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرےگی، امیرالبحر

کراچی(این این آئی)پاکستان بحریہ کے لئے تعمیر کردہ جدید کارویٹ پی این ایس یرموک کی بحری بیڑے میں شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پی این ایس یرموک کی بحری بیڑے میں شمولیت کو پاک بحریہ کے لئے اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحری بیڑے میں جدید کارویٹ کی شمولیت پاکستان کے سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی طاقت کو بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔امیر البحر نے مزیدکہا کہ یہ جہاز پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول کے اقدامات کے ذریعے خطے میں پائیدار بحری توازن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار پر روشنی ڈالتے ہوئے مہمان خصوصی نے بھارتی مظالم کے خلاف ان کی مثالی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ملک بھر میں وبائی مرض کرونا سے لڑنے والے طبی اور پیرامیڈیکل عملے کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔پی این ایس یرموک جدید سینسرز اور ہتھیاروں پر مبنی سیلف پروٹیکشن اور ٹرمینل ڈیفنس سسٹم سے لیس جدید ترین جنگی جہاز ہے جس کی تعمیر ڈامین شپ یارڈز رومانیہ میں کی گئی ہے۔ یہ جہاز بیک وقت مختلف قسم کے بحری آپریشنز سر انجام دینے اور ایک ہیلی کاپٹر اور بغیر پائلٹ فضائی جہاز (یو اے وی) لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سلسلے کا دوسرا کارویٹ پی این ایس تبوک رواں سال کے آخر تک پاکستان بحریہ کے بیڑے میں شامل ہوجائے گا۔پی این ایس یرموک کی شمولیت کی تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*