وزیر اعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت اجلاس، کوئٹہ میں کورونا کے پھیلاﺅ کے رجحان پر اظہار تشویش

Chief Minister Balochistan, Mir Jam Kamal

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ڈویژنل اور ضلعی ہسپتالوں میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ لیبارٹریوں کے قیام کے لئے فوری طور پر بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ضلعی سطح پر کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کے آغاز کو جلد ازجلد یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے، کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال وائرس کے پھیلا¶ کے رحجان اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی سہولیات کی دستیابی سے متعلق امور کے جائزہ کے لئے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سختی سے ہدایت کی کہ حکومتی اجلاسوں کے دوران کئے گئے فیصلوں پر ان کی روح کے مطابق عملدرآمد کو ہرصورت یقینی بنایا جائے تاکہ ان فیصلوں کے مثبت نتائج سامنے آسکیں، اجلاس میں کوئٹہ شہر میں وائرس کے پھیلا¶ کے رحجان میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام الناس سے ایک مرتبہ پھر اپیل کی گئی کہ وہ ماسک کے استعمال سمیت دیگر تمام احتیاطی تدابیر پر عملدآمد کو یقینی بنائیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کے مفاد میں وائرس کے پھیلا¶ کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا، اس ضمن میں چند اہم فیصلے بھی کئے گئے اور متعلقہ اداروں کو ان پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں پی ڈی ایم کی جانب سے کورونا وائرس سے متاثرہ ایسے افراد جو اپنے گھروں میں آئسولیٹ ہیں اور مدافعتی نظام کی مضبوطی کے لئے متوازن غذا استعمال کرنے کی قابل نہیں کے لئے غذائیت پروگرام کے تحت فوڈ پیکج کی فراہمی کا جائزہ بھی لیا گیا، اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ جلد پروگرام پر عملدرآمد کا آغاز کردیا جائے گا اور ایسے افراد کو پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سے رابطہ کرکے اپنے کوائف کی فراہمی پر پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ صوبائی وزراءمیر ظہور بلیدی، میر سلیم کھوسہ، چیف سیکریٹری فضیل اصغر آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، سیکریٹری صحت دوستین جمالدینی، سیکریٹری سپورٹس وانچارج بی سی او سی عمران گچکی، ایڈیشنل آئی جی پولیس عبدالرزاق چیمہ، ڈاکٹر پروفیسر سکندر سلطان ، ڈی جی صحت ڈاکٹر سلیم ابڑو اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*