قومی اسمبلی ،تعلیمی نصاب میں، حضور کے نام کیساتھ”خاتم النبیین” لکھنے کی قرار داد متفقہ منظور

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی میںنصابی کتب میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلیہ وسلم کے نام کیساتھ”خاتم النبیین” لازمی لکھنے ،بولنے اور پڑ ھنے کیلئے متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی۔ قرارداد وزیر مملکت علی محمد خان نے پیش کی جبکہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کے رکن نور الحسن تنویر نے تجویز کی ۔پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میںمسلم لیگ( ن) کے نورالحسن تنویر نے کہا کہ پنجاب اور کے پی کے میں ساتویں، آٹھویں اور نویں جماعت کے نصاب سے نبی کریم کے نام کے ساتھ ”خاتم النبیین” کو ختم کیا جارہا ہے،اسکانوٹس لیا جائے تاکہ نبی کریم کے نام کے ساتھ ”خاتم النبیین”کو لکھا رہنے دیا جائے۔لیگی رکن کی کی تجویز پر وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے اتفاق رائے سے قرارداد پیش کی جس کی تمام پارلیمانی جماعتوں نے حمائت کی ۔قومی اسمبلی میں بجٹ پر خطاب کے دوران مسلم لیگ ن کے رکن نورالحسن تنویر نے ایک قرارداد کا مسودہ وزیرمملکت علی محمد خان کے حوالے کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایوان جہاں جہاں نبی آخرالزمان کا نام آتا ہے اس کے ساتھ ”خاتم النبیین” کا لفظ لازمی لکھا جائے، وزیرمملکت علی محمد خان نے متفقہ قرارداد ایوان میں پیش کی جس میں کہا گیا کہ تمام درسی کتابوں اور تعلیمی اداروں میں جہاں جہاں محمد کا نام مبارک آتا ہے اس کے ساتھ لفظ ”خاتم النبیین” لکھنا، پڑھنا اور بولنا لازمی ہوگا، اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے امجد نیازی نے کہا کہ آخری خطبہ میں نبی پاک نے واضح کردیا تھا کہ ان کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اور وہ آخری نبی ہیں، ایوان نے قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی، اس موقع پر عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ بھٹو دور میں اسلامی جمہوریہ پاکستان میں خاتم الانبین کو نہ ماننے والوں قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دے چکا ہے۔ قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کا عظیم فیصلہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کیا تھا،ذوالفقار علی بھٹو نے کہا تھا قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دے کر اپنی موت پر دستخط کررہے ہیں، کرنل رفیع نے ذوالفقار علی بھٹو کے حوالے سے لکھا ہے کہ قادیانی کہتے ہیں میں جیل میں ہوں تو ان کی وجہ سے ہوں، ذوالفقار علی بھٹو نے کہا میں گناہ گار آدمی ہوں مگر امید ہے قادیانیوں کو کافر قرار دینے کی وجہ سے بخشا جاوں گا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*