تازہ ترین

وسائل کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا، وزیر اعلیٰ بلوچستان

Chief Minister Balochistan, Mir Jam Kamal

دالبندین(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے کے دوردراز اور کم ترقیافتہ علاقوں کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں، ان منصوبوں کی تکمیل سے ان علاقوں کے عوام کو پہلی مرتبہ زندگی کی بنیادی سہولتیں مل سکیں گی، ضلعی افسران ترقیاتی منصوبوں کی بروقت او رمعیاری تکمیل کو ہر صورت یقینی بنائیں، وسائل کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، افسران اپنی جائے تعیناتی پر موجود گی بھی یقینی بنائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے رخشاں ڈویژن کے ترقیاتی امور اور امن وامان کی صورتحال کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا، صوبائی وزیر میر عارف محمد حسنی اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹری بھی اجلاس میں شریک تھے، کمشنر رخشاں ڈویژن ایاز مندوخیل نے اجلاس کو بریفنگ دی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ رخشاں ایک نیا ڈویژن ہے جس کے قیام کا مقصد علاقے کے عوام کو ان کے مسائل کے فوری حل کی سہولت کی فراہمی ہے تاکہ انہیں اپنے مسائل کے حل کے لئے کوئٹہ نہ جانا پڑے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے ڈویژنوں اورضلعوں کے قیام سے انتظامی امور کی انجام دہی بہتر طور پر ہوسکتی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ افسران اپنے ضلعوں میں رہتے ہوئے عوام کی خدمت کریں اور نچلی سطح پر ان کے مسائل حل کریں، انہوں نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تعلیم، صحت اور دیگر محکموں کے اختیارات کی مرکزیت ختم کرتے ہوئے انہیں ڈویژن اور ضلع کی سطح پر منتقل کیا گیا ہے جس سے عوام کے وقت اور پیسے کی بچت ہوگی اور انہیں اپنے مسائل کے لئے دوردراز کا سفر نہیں کرنا پڑے گا، وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کریں اور اپنی توجہ عوامی مسائل پر مرکوز رکھیں، بعدازاں وزیراعلیٰ سے علاقے کے عمائدین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے وفد نے ملاقات کی، دالبندین کے عوامی حلقوں نے ضلع میں جاری ترقیاتی عمل پر وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر میر عارف جان محمد حسنی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ جس وسیع پیمانے پر چاغی میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*