وزیر اعظم کا سوا لاکھ افراد کو روزگار فراہم کرنےکا فیصلہ لائق تحسین ہے

Jobs

کراچی (کامرس ڈیسک)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چےئر مےن اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سوا لاکھ سے زیادہ افراد کو روزگار فراہم کرنے اور تعمیراتی شعبہ کو صنعت کا درجہ دینے کا فیصلہ لائق ستائش ہے جس سے شرح نمو بڑھے گی ۔ دو ماہ کے اندر ایک لاکھ 29 ہزار افراد کو روزگار فراہم کرنے، نوکری کے حصول کا نظام سہل و سستا بنانے اور فاٹا و گلگت بلتستان کے افراد کے لئے ملازمتوں میں علیحدہ کوٹہ مختص کرنے کے اقدامات سے پسماندہ علاقوںکے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا ۔ میاں زاہد حسین نے بز نس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین کے زیر التواءمعاملات جلد حل کرنے اور ریٹائر ہونے والے ملازمین کے پنشن کے معاملات ایک ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے جس پر عمل درآمد ہوا تو عوام کو بڑا ریلیف ملے گا کیونکہ ساری عمر ملک و قوم کی خدمت کرنے والوں کو ریٹائرمنٹ کے بعد سالہا سال تک پنشن کے لئے دھکے کھانا پڑتے ہیں اور انکا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔ کئی افراد تو پنشن کی امید میں ہی مر جاتے ہیں اور انکے فنڈز پنشن مافیا کے کام آتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے گریڈ سترہ سے اکیس تک کے ڈھائی ہزار سے زیادہ افسران کے خلاف کاروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے کرپشن میں ملوث ہونے والے اہلکاروں و افسران کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ انھوں نے جتنی رقم وصول کی ہے اتنی ان سے وصول کرنا ضروری ہے چاہے انکی پنشن سے ہی کٹوتی کرنا پڑے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے تعمیراتی شعبہ کو سہولت دینے سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا، چالیس صنعتیں بحال اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی آ ئے گی جبکہ میاں انجم نثار کی قیادت میں ایف پی سی سی آئی تعمیراتی شعبہ کے مسائل کو حل کرنے میں حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*