”میرے پاس تم ہو“ کی آخری قسط سینما گھروں میں دکھانے کا اعلان

کراچی(شوبز ڈیسک) مقبول ترین ڈرامہ سیریل ”میرے پاس تم ہو“ کی آخری قسط سنیماﺅں میں بھی دکھائی جائےگی۔تفصیلات کے مطابق مقبول ترین ڈرامہ ’میرے پاس تم ہو‘ ان دنوں شہرت کی بلندیوں پر ہے۔ ہمایوں سعید اور عائزہ خان نے اپنی اداکاری کے ذریعے ایسا سحر طاری کیا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کو ڈرامہ دیکھنے پر مجبور کردیا ہے۔بہترین کہانی اور اداکارہ کی وجہ سے اس ڈرامہ کو جو مقبولیت حاصل ہو رہی ہے اس کا کوئی ثانی نہیں لیکن اب یہ ڈرامہ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہونے جا رہا ہے۔ اور اسی بات کے پیش نظر ڈرامے کی آخری قسط پاکستان بھر کے سنیماﺅں میں دیکھانے کا فیصلہ کیا گیا ۔نجی ٹی وی کی جانب سے ٹوئٹ میں تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان کی تاریخ کے مقبول ترین ڈرامے کا اختتام ہونے جا رہا ہے لیکن یہ ڈرامہ اپنے مقرر وقت پر ہفتے کی شب چینل پر نشر ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان بھر کے سنیماﺅں میں بھی دکھایا جائے گا۔واضح رہے کہ ندیم بیگ کی ہدایتکاری میں نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کی کہانی نامور مصنف خلیل ارحمان قمر نے لکھی ہے۔ جس میں ہمایوں سعید، عائزہ خان، عدنان صدیقی اور حرا مانی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*