آزاد کشمیر،عمران خان کا بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

Imran Khan visit to Muzafarabad

مظفرآباد(آئی این پی)وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان کا آزاد کشمیر کے حالیہ بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ۔ وزیر اعظم نے سی ایم ایچ مظفرآباد میں برفانی تودے اور لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں میں آکر زخمی ہونے والوں کی عیادت کی ۔چیف سیکرٹری آزادکشمیر مطہر نیاز رانا نے وزیر اعظم پاکستان کونیلم ویلی میں حالیہ بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور ریسکیو و ریلیف آپریشن کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان ، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، سپیکر آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر ،کور کمانڈر راولپنڈی، جی او سی مری ،وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور،انتظامیہ ، افواج پاکستان ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیر مطہر نیاز رانا نے بتایا کہ لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے فوراًبعد ریاستی اداروں نے پاکستان آرمی ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے مل کر ریلیف و ریسکیو آپریشن شروع کیا ۔ چار ہیلی کاپٹروں نے ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن میںحصہ لیااور زخمیوں کو کیل ، شاردہ اور مظفرآباد منتقل کیا۔ متاثرہ علاقوں میں شاہراہوں کو کھولنے کا عمل مسلسل جاری ہے جبکہ ان علاقوں میں فوڈ آئٹم اور دیگر اشیاءضروریا پہنچا دی گئی ہیں۔ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ اس واقعہ میں 67لوگ جاں بحق ، 53زخمی ہوئے،1مسجد شہید، 198گھر ،22دکانیں ، اور 12گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔ وادی نیلم کے گاﺅں سرگن ، کیل ، لوات اور چکناڑسب سے زیاد ہ متاثر ہوئے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں جاں بحق ہونے والوں کو 1لاکھ 50ہزار ، معذور ہونے والوں کو 75ہزار اور زخمی ہونے والوں کو 50ہزار روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ تباہ ہونے والے گھروں کے لیے فی کس1لاکھ روپے ، دکانوں کے لیے 50ہزار اور گاڑیوں کے لیے1لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت پاکستان معاوضہ جات کی ادائیگی کے لیے مالی معاونت کرے جبکہ آزادکشمیر میں ریلیف آپریشن کے لیے ایوی ایشن ونگ کے حوالہ سے بھی حکومت پاکستان کی مدد درکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے آزادکشمیر میں ٹریننگ پروگرام ترتیب دینے کا بھی اہتمام ہو تاکہ ایسے قدرتی حادثات کے دوران ریلیف اور ریسکیو کا کام بہترانداز میں سر انجام دیا جا سکے۔ چیف سیکرٹری نے نیلم ویلی کے لیے 2یوٹیلیٹی سٹورز کے قیام اور بائی پاس سڑک کی تعمیر کی طر ف بھی وزیراعظم پاکستان کی توجہ دلائی۔ قبل ازیں مظفر آباد پہنچنے پر ہیلی پیڈ پر وزیراعظم آزادجموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ تاہم دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم واپس اسلام آبادپہنچ گئے ۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*