مسلم باغ اور کان مہترزئی ریسکیو آپریشن پر ،وزیر اعلیٰ بلوچستان کا اظہار اطمینان

Chief Minister Balochistan, Mir Jam Kamal

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے مسلم باغ اور کان مہترزئی شاہراہ پر ریسکیو آپریشن کی کامیاب تکمیل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آپریشن میں ریسکیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا ہے اور انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعلیٰ کی جانب سے آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیموں ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ان کی ٹیم ، کمشنر ژوب، ڈی سی لورالائی، ڈی سی قلعہ سیف اللہ، ڈی سی پشین، لیویز فورس اور ایف سی بلوچستان کی بہترین کارکردگی کی تعریف کی گئی ہے، وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیموں نے مشکل ترین آپریشن کامیابی سے مکمل کیا اور اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر بہت سی قیمتی زندگیوں کو محفوظ بنایا، ان کی یہ خدمات قابل فخر ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان ریسکیو آپریشن کی تکمیل تک متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں رہے اور انہیں ہدایات اور رہنمائی فراہم کی جبکہ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے افسران بھی رات بھر اپنے دفاتر میں موجود رہے۔ در یں اثنا ءوزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر برفباری اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف کی سرگرمیوں کا بھرپور آغاز کردیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں تک زمینی رسائی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بھی خوراک اور دیگر ضروری اشیاءمتاثرہ افراد تک پہنچائی جارہی ہیں، گذشتہ تین دن بعد موسم میں بہتری آنے پر حکومت بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ دشت، لکپاس، شعبان، کان مہترزئی اور دیگر ملحقہ علاقوں میں 3300کلوگرام پر مشتمل خشک اشیائے خوردونوش کے پیکٹ اور چھوٹے اور بڑے سائز کے خیمے متاثرہ افراد تک پہنچائے گئے جبکہ پی ڈی ایم اے مزید پیکٹ تیار کررہا ہے جنہیں فضائی اور زمینی راستوں سے متاثرہ علاقوں میں پہنچایا جائے گا اور یہ آپریشن ہر متاثرہ خاندان تک خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے تک جاری رہے گا، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ریلیف آپریشن ،قومی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہر متاثرہ علاقے، گا¶ں اور دیہات تک رسائی ممکن بنائی جائے، قومی شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں کی بحالی کے کام کو مزید تیز کردیا گیا ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*