ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے کوآگے بڑھائیں گے،اکبر حسین درانی

اسلام آباد (آئی این پی)اطلاعات ونشریات کے سیکرٹری انفارمیشن، اکبر حسین درانی نے بروز سوموار پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن ہیڈکوارٹرز اسلام آبادکادورہ کیا۔ اس موقع پرانہوں نے ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان ثمینہ وقار کے ہمراہ جنرل نیوزروم، رپورٹنگ سیکشن ، سوشل میڈیا ، کرنٹ افیئرز اور سٹوڈیوز سمیت ریڈیوپاکستان کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ریڈیوپاکستان کی نشریات کی پورے ملک میں رسائی پر اس کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے اس اعتماد کااظہار کیاکہ ریڈیوپاکستان مستقبل میں ایک بہترین ادارہ ہوگا ۔سیکرٹری اطلاعات نے کہاہے کہ وہ ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے کوآگے بڑھائیں گے اور پہلے مرحلے میں خیبرپختونخوا اور سرحدی علاقوں کو شامل کیاجائیگاتاکہ پاکستان کے خلاف بھارتی پراپیگنڈے کا توڑ کیاجا سکے۔ انہوں نے پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے عملے کی کارکردگی اور کام کی بھی تعریف کی ۔انہوں نے یقین دلایاکہ ریڈیوپاکستان کو درپیش مالی مسائل کو حل کیاجائیگا اور پنشنرزا ورملازمین کے واجبات کی ادائیگی جلد کردی جائیگی ۔ بعد ازاں ڈائریکٹرجنرل ریڈیوپاکستان ثمینہ وقار اور مختلف شعبوں کے ڈائریکٹرز نے سیکرٹری اطلاعات کوادارے کے کام کے طریقہ کار اورریڈیوپاکستان کے ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی ۔انہوں نے کہاکہ بھارت ریڈیوپاکستان کی فریکونسی میں دخل اندازی کررہاہے ، اسی لئے نئی ڈیجیٹل پالیسی اپنائی جارہی ہے تاکہ پاکستان کے بیانیے کو اندرون ملک اور دنیا تک پہنچایا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن میں ڈیجیٹل مائیگریشن پالیسی پر تین مراحل میں عملدرآمد کیاجائیگا ۔ڈی جی ریڈیو پاکستان نے سیکرٹری کو ادارے کے اخراجات پورے کرنے کے لے ادارے کی آمدن بڑھانے کے نئے لائحہ عمل کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*