نیب نے بدعنوانی کے 630 ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میں دائر کئے ہیں، چیئر مین نیب

اسلام آباد (این این آئی)قومی احتساب بیورو ( نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب پاکستان کو کرپشن فری بنانے کےلئے اپنی کوششیں دوگناکرکے میگا کرپشن، وائٹ کالر کرائم کو منطقی انجام تک پہنچانے کےلئے پرعزم ہے، نیب نے بدعنوانی کے 630 ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میں دائر کئے ہیں، نیب ہیڈکوارٹر میں ایک ای لائبریری بھی قائم کی گئی ہے جس میں قانونی امور سے متعلق پچاس ہزار سے زائد کتابیں دستیاب ہیں۔ وہ نیب ہیڈ کوارٹر میں نیب کے تمام علاقائی بیوروز آپریشن اور پراسیکوشن ونگ کی پندرہ روزہ کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیب کے آپریشنل اور پراسیکوشن ڈویژن کی شکایت کی جانچ پڑتال انکوائریوں، انوسٹی گیشنز کو قانون کے مطابق نمٹانے، احتساب عدالتوں، ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ میں مقدمات کی پیروی کےلئے تمام علاقائی بیوروز کو قانونی معاونت فراہم کررہے ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نیب نے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کےلئے شکایت کی جانچ پڑتال، انکوائری،انوسٹی گیشنز اور احتساب عدالتوں میں مقدمات دائر کرنے کےلئے دس ماہ کاعرصہ مقرر کیا ہے جس کےلئے نیب افسران پاکستان کو کرپشن فری بنانے کےلئے قانون کے مطابق دن رات محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے سینئرسپر وائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کےلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام واضح کیا ہے جس سے نہ صرف نیب کی کارکردگی میںبہتری آئی ہے بلکہ کوئی بھی فرد نیب کی تحقیقات پر اثر انداز نہیں ہوسکتا۔ اس اقدام کے باعث نیب نے بد عنوانی کے 630 ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میںدائر کئے ہیں اور بدعنوان عناصر سے بلواسطہ یا بلاواسطہ طور پر بدعنوان عناصر سے158ارب روپے وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔ چیئرمین نیب نے تمام انوسٹی گیشن افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہر مقدمے کی کیس ڈائری تیار کریں جو بہت اہم ہے اور انہیں انکوائری اور انوسٹی گیشن کے معیار کو قانون کے مطابق بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ اجلاس کے دوران یہ بھی بتایاگیا کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایات پر تجربہ کار لیگل کنسلنٹس اور سپیشل پراسیکوٹر تعینات کرکے پراسیکوشن ڈویژن کی تشکیل نو کی گئی ہے۔ نیب کے تمام علاقائی بیوروز میں شہادتوں کو نمٹانے کا بھی طریقہ کار واضح کیا گیاہے جس کے نتائج انتہائی حوصلہ افزا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پراسیکوشن ڈویژن کی مسلسل مشاورت مانیٹرنگ اور کارکردگی کے تجزیے سے نیب کے مقدمات کی مجموعی سزا کی شرح تقریباً ستر فیصد ہے جوکہ کسی بھی ادارے کی بہترین کارکردگی ہے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے پراسیکوٹر اور انوسٹی گیشن آفیسرز کی متعلقہ معلومات کے حصول اور مقدمات کوتیزی سے نمٹانے میں سہولت کےلئے نیب ہیڈکوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز میں لائبریریاں بھی قائم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے قانون کے مطابق مقدمات کو نمٹانے کی تیاری کےلئے ریسرچ آفیسرز بھی تعینات کئے ہیں، نیب ہیڈ کوارٹر میں ایک ای لائبریری بھی قائم کی گئی ہے جس میں لاءجنرلز،سالانہ قانونی رپورٹس اور ماہانہ قانونی رپورٹس سمیت قانونی امور سے متعلق پچاس ہزار سے زائد کتابیں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے معیاری اور مقداری بنیادوں پر نیب افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کےلئے نیب ہیڈ کواٹرز اور تمام علاقائی بیوروز میں مانیٹرنگ اینڈ ایوالیشن کا جدید نظام واضح کیا ہے جوکہ علاقائی بیوروز سمیت نیب کی کارکردگی میں اضافہ کیلئے مفید ثابت ہواہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*