جام کمال کا بلوچستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال صوبہ بنانے کے عزم کا اعادہ

Chief Minister Balochistan, Mir Jam Kamal

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران ترقیاتی مد میں اب تک تقریباً پچاس ارب روپے کا اجراءکیا گیا ہے جو موجودہ حکومت کی کامیاب ترقیاتی پالیسی کا مظہر ہے، بلوچستان کے تمام اضلاع کی یکساں اور متوازن ترقی ہماری ترجیحات کا حصہ ہیں، رواں مالی سال کے بجٹ میں ہر ضلع کی ترقی کے لئے اڑھائی سے تین ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ہر ضلع کے عوام کو بہتر سہولتیں ملیں گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی یوتھ ونگ تحصیل بیلہ کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے ونگ کے صدر پرویز عمر اور چیئرمین سید حنیف شاہ کی قیادت میں جمعہ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی، وفد نے ضلع لسبیلہ میں جاری ترقیاتی عمل پر وزیراعلیٰ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے بعض مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے حل کی درخواست کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے دیگر اضلاع بھی انہیں ضلع لسبیلہ کی طرح ہی عزیز ہیں، اور ان کے خواہش اور کوشش ہے کہ تمام اضلاع کو ترقیافتہ بنایا جائے جس طرح لسبیلہ کو ترقی دی جارہی ہے اسی طرز پر ہر ضلع میں ترقیاتی عمل جاری ہے، انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے آغاز سے ہی ٹینڈرنگ پراسس شروع کردیا گیا اور اب تک نئے ترقیاتی منصوبوں کے 70فیصد سے زائد ٹینڈر جاری کردیئے گئے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اپنے بجٹ سے صوبہ بھر میں 25سو کلومیٹر سڑکیں تعمیر کررہی ہے جس سے نہ صرف آمدورفت کی بہتر سہولتیں دستیاب ہوں گی بلکہ زرعی، سمندری اور معدنی پیداوار کو بڑی منڈیوں تک رسائی بھی ملے گی جس سے معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا، وزیراعلیٰ نے بلوچستان کو ایک ترقیافتہ اور خوشحال صوبہ بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔وفد میں عدیل احمد چنہ، ڈاکٹر تولہ رام لاسی، مکھی پریم چن کا چھوانی اور پنکج کمار بھی شامل تھے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*