ترقیاتی منصوبوں میں تمام اضلاع اور حلقوں کیلئے فنڈز مختص کئے گئے ،جام کمال

Mir Jam Kamal Khan

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر ووزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بہترین نظم وضبط اور ترتیب سے معاملات کو چلانے میں آسانی ہوتی ہے، بلوچستان عوامی پارٹی نئی پارٹی ہے لیکن ہمارے گذشتہ سولہ مہینوں کی کارکردگی سے ہم نے واضح طریقہ کار دیا ہے، عوام کو سب سے زیادہ توقع ہمارے ترقیاتی منصوبوں سے ہے جن کی بروقت تکمیل کے لئے ایک منظم میکزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، ان خیالات کا اظہارانہوں نے بی اے پی کے سیکریٹریٹ میں پارٹی کے سینئر رہنما¶ں اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پارٹی کے صوبائی وزراءاور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے لئے بھی آسان نہیں تھا کہ ماضی کے فرسودہ نظام کو تبدیل کریں لیکن موجودہ صوبائی حکومت نے گذشتہ ادوار کی روش سے ہٹ کر ایک واضح پالیسی بنائی ہے تاکہ تمام امور کو ایک ترتیب کے ساتھ چلایا جاسکے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں صوبے کے تمام اضلاع اور حلقوں کے لئے فنڈز مختص کئے گئے ہیں تاکہ بلوچستان بھر میں یکساں ترقی کا عمل جاری رہے، موجودہ صوبائی حکومت ایک مخلوط حکومت ہے جس میں دیگر جماعتیں بھی شامل ہیں اور ہم صوبے کی یکساں ترقی اور مسائل کے دیرپاحل کے لئے ایک صفحہ پر ہیں،ہم نے پہلا بجٹ ایسا بنایا ہے جس پر عملاً کام بھی ہورہا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ جون کے مہینے میں ہم نے بجٹ پیش کیا اور جولائی میں ٹینڈر کا اجراءشروع کردیا جس کی مثال نہ تو کسی اور صوبے اور نہ ہی وفاق میں ملتی ہے، ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد اور پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے ہفتہ وار اجلاس منعقد کیا جاتا ہے تاکہ منصوبوں کی بروقت تکمیل سے عوام تک حقیقی معنوں میں ترقی کے ثمرات پہنچ سکےں، تعلیم، صحت، زراعت، ماہی گیری، کھیل اور دیگر محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جارہا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی نمائندگی پورے بلوچستان سے ہے اگر حکومت کی کارکردگی اچھی ہوگی تو اس کے مثبت اثرات پارٹی پر بھی پڑیں گے، بلوچستان عوامی پارٹی کو بلوچستان بھر میں مزید فعال بنانے کے لئے عہدیداران، ممبران اور کارکنان پر توجہ دے رہے ہیں تاکہ تمام حلقوں میں یکساں ترقی کا عمل جاری رہے اور پارٹی بھی اندورنی طور پر مستحکم رہے ۔ وزیراعلیٰ نے بلوچستان عوامی پارٹی کے عہدیدارن، ممبران اور کارکنان کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نظم وضبط، اتفاق ویگانگت کے دامن کو تھامے رکھیں تاکہ بلوچستان بھرکی نمائندگی کرنے والی پارٹی صوبے کا مثبت چہرہ پیش کرے ، وزیرعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی بلوچستان کی نمائندہ جماعت ہے جو قائم رہنے کے لئے وجود میں آئی ہے اور قائم رہے گی، انہوں نے کہا کہ بی اے پی کی مضبوط نمائندگی سینٹ اور قومی اسمبلی میں بھی ہے جبکہ کے پی کے اسمبلی میں بھی بی اے پی کی نمائندگی موجود ہے، تقریب سے بلوچستان عوامی پارٹی کے سیکریٹری جنرل سینیٹر منظور احمد خان کاکڑ اور دیگر سینئر عہدیداران نے بھی خطاب کرتے ہوئے ممبران اور کارکنان کو پارٹی کا بہترین عکس عوام کے سامنے لانے پر زور دیا۔اس موقع پر پارٹی کی تنظیم اور ممبر سازی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی اور پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں نے اپنی رائے کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ پارٹی کے تمام امور میں سینئر رہنما¶ں اور کارکنوں کی مشاورت شامل رہے گی۔ پارٹی کی سینئر قیادت اور کارکنان کی جانب سے پارٹی کے صدر وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت پر مکمل اور بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کو مزید مضبوط ، متحرک اور فعال بنانے کے لئے پختہ عزم کا اظہار کیا گیا۔قبل ازیں پارٹی سیکریٹریٹ پہنچنے پر پارٹی کے صدر کا کارکنوں کی جانب سے والہانہ استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*