موجودہ حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اہمیت دیتی ہے،صدر مملکت

اسلام آباد (آئی این پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے انقلابی اقدامات کئے جا سکتے ہیں، موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے احساس پروگرام میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک میں غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔پیر کواسلام آباد میں ڈیجیٹل معاشرے میں پائیدار ترقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جائزہ لے رہے ہیں کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے کیسے مستفید ہو سکتے ہیں اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے عوام کےلئے سہولت پیدا کی جا سکتی ہے جبکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی مثبت مقاصد کےلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو اہمیت دیتی ہے اور اس کے بہتر استعمال کےلئے شفاف طریقہ کار واضح کرنے کی بھی ضرورت ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے احساس پروگرام کو کامیاب کرنے میں معاونت ملے گی اور اس کے اطلاق سے انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے مقامی طور پر اعلیٰ تعلیم کے مواقع پیدا ہوں گے اور پائدیار ترقی کےلئے غریب اور امیر کے درمیان عدم مساوات ختم کرنا ہوں گی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ مثبت پہلو کے ساتھ ٹیکنالوجی کے منفی اثرات بھی ہوتے ہیں جبکہ ہمیں پاکستان میں انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*