تمام اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس کے قیام کا منصوبہ اہمیت کا حامل ہے،جام کمال

Chief Minister Balochistan, Mir Jam Kamal

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے صوبے کے عوام تک ترقیاتی عمل کے ثمرات پہنچیں گے، بلوچستان کی تقدیر بدلنے کے لئے سیاسی قیادت کے ساتھ ساتھ افسران کو بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل اہم نوعیت کے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے آغاز کے لئے ان سے متعلق تمام جزیات کا تفصیلی جائزہ لے کر انہیں جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کا تساہل قابل قبول نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس ڈی پی 2019-20ءمیں شامل ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کے دوران کیا جس میں محکمہ کھیل ، محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ محکمہ خزانہ کی جانب سے اب تک ترقیاتی منصوبوں کے لئے جاری فنڈز اور ان کے استعمال کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا، صوبائی وزراءمیر ظہور احمد بلیدی، میر نصیب اللہ مری، صوبائی مشیر عبدالخالق ہزارہ، میر محمد خان لہڑی، چیف سیکریٹری فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات اور متعلقہ محکموںکے سیکریٹریوں نے اجلاس میں شرکت کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم صوبے کے وسائل میں اضافے کے لئے محنت کے ساتھ صحیح سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور اگر ان وسائل کو صحیح معنوں میں بروئے کار لایا جائے تو آئندہ چند سالوں میں ترقےاتی بجٹ کئی گنا بڑھ سکتا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام اضلاع میں سپورٹس کمپلیکس کے قیام کا منصوبہ بے حد اہمیت کا حامل ہے جس سے نہ صرف نوجوانوں کے کھیلوں میں حصہ لینے کے مواقع ملیں گے بلکہ عام لوگوں کو بھی صحتمندانہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملے گا اور صوبے میں بہترین کھلاڑی پیدا ہوں گے، وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے پر جلد از جلد عملدرآمد کے آغاز کےلئے ضلعوں کی پروفائل کی تیاری کے علاوہ دیگر اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ نیشنل گیمز کے انعقاد سے قبل کوئٹہ میں بلوچستان گیمز کا انعقاد کیا جائے گا جس سے نیشنل گیمز کی تیاریوں میں مدد ملے گی، انہوں نے کہا کہ سپورٹس کمپلیکس کے قیام کے منصوبے میں کھیلوں کی بین الاقوامی معیار کی تمام سہولیات کی فراہمی سے بین الاقوامی کھیلوں کے انعقاد بھی ممکن ہوسکے گا۔ اجلاس کو محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کے منصوبوں کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا جن میں شیخ زید ہسپتال میں کینسر ہسپتال کے قیام کا منصوبہ بھی شامل ہے جس کے لئے ٹینڈر کا اجراءاور کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جاچکی ہےں اور وزیراعلیٰ جلد اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*