ملکی امن و امان افواج پاکستان کی قربانیوں کے مرہون منت ہے، آرمی چیف

راولپنڈی (آئی این پی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملکی امن و امان افواج پاکستان کی قربانیوں کے مرہون منت ہے، پاک فوج ملکی اداروں کی مدد آئین کے تحت کر رہی ہے ، اہم معاملات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مسلسل ہم آہنگی دشمن قوتوں کو شکست دینے کےلئے انتہائی ضروری ہے،ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ہر دم تیار ہیں،کسی بھی مذموم مقصد کےلئے قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، پاک فوج ملکی اداروں کی مدد کے لیے آئین اور قانون کے تحت تمام تفویض کردہ فرائض انجام دیتی رہے گی۔پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قومی سلامتی اور جیو اسٹرٹیجک حالات کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ داخلی سلامتی اور کشمیر کی مکمل صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں کور کمانڈرز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر حال میں ملک کا دفاع کریں گے، کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملکی امن و استحکام قومی اداروں افواج پاکستان کی قربانیوں کی مرہون منت ہے جبکہ کسی بھی مذموم مقصد کےلئے قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ملکی اداروں کی مدد کےلئے آئین کے تحت فرائض انجام دیتی رہے گی جبکہ افواج پاکستان ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے تیار ہے جبکہ مشرقی سرحد اور ایل او سی پر ہر قسم کے چیلنجز سے بھی نمٹنے کےلئے ہر دم تیار ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ اہم قومی معاملات پر تمام اسٹیک ہولڈرز کی مسلسل ہم آہنگی ضروری ہے اور یہ ہم آہنگی دشمن قوتوں کو شکست دینے کےلئے انتہائی ضروری ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*