امریکا پرپولیو جیسی پراسرار بیماری کا حملہ

واشنگٹن(م ڈ) اس وقت جبکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں پولیو کو ختم کیا جاچکا ہے، امریکا میں پولیو سے ملتی جلتی ظاہری علامات والی ایک اور بیماری سامنے آگئی ہے جسے مختصرا اے ایف ایم کہا جاتا ہے۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ 2020 میں یہ بیماری امریکا میں ایک بار پھر وبائی شکل اختیار کرسکتی ہے۔ گزشتہ پانچ سال میں یہ بیماری تین مرتبہ وبائی انداز میں پھیل چکی ہے۔اس بیماری کا پورا نام اکیوٹ فلیسڈ مائیلائیٹس (Acute Flaccid Myelitis) ہے جو ریڑھ کی ہڈی اور مرکزی اعصابی نظام پر حملہ آور ہو کر متاثرہ فرد کے بازوں اور ٹانگوں کو شدید کمزور کردیتی ہے۔ اگرچہ اس کے اثرات وقتی ہوتے ہیں جو چند دنوں میں ختم ہوجاتے ہیں لیکن بچوں میں اس کا دورانیہ کئی ماہ تک بھی دیکھا گیا ہے۔سائنسدان اب تک یہ تو نہیں جان پائے ہیں کہ آخر اے ایف ایم کی اصل وجہ کیا ہے، لیکن تازہ ترین پیش رفت یہ ہے کہ اس بیماری میں وائرس کی ایک خاص قسم اینٹیرو وائرس سے تعلق رکھنے والے چند وائرسوں کا کردار سامنے آیا ہے۔ البتہ ابھی اس خیال کی حتمی تصدیق ہونا باقی ہے۔اے ایف ایم کی علامات میں بازو اور ٹانگ کو حرکت دینے میں مشکل سے لے کر سانس لینے میں شدید دشواری تک شامل ہیں جو حرکت دینے اور سانس لینے میں مدد کرنے والے پٹھوں میں کمزوری کی وجہ سے ہوتی ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*