صوبے میں زراعت کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

Chief Minister Balochistan, Mir Jam Kamal

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے یورپی یونین کوآپریشن وفد پاکستان کے سربراہ ملکووین گولool) (Milko Van G نے منگل کے روز یہاں ملاقات کی، ملاقات میں یورپی یونین اور صوبائی حکومت کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات کے دوران یورپی یونین وفد پاکستان کے سربراہ نے بتایا کہ یورپی یونین صوبے میں زراعت، لائیواسٹاک، ہارٹیکلچر اور ڈیری مصنوعات کی پیداوار کو بڑھانے میں موثر تعاون فراہم کرسکتی ہے، وزیراعلیٰ نے وفد کے سربراہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں زراعت کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں ایسے منصوبے شامل ہیں جن میں کم پانی کے استعمال سے زرعی پیداوار کو موثر انداز سے بڑھایا جاسکتا ہے جبکہ کوئٹہ اور زیارت میں پھولوں کی بہترین افزائش سے صوبے میں خطیر ریونیو کے حصول کو ممکن بنایا جاسکتا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ لائیواسٹاک کا شعبہ اہمیت کا حامل ہے اس ضمن میں حکومت آئندہ ماہ صوبے کی پہلی لائیواسٹاک ایکسپو کا انعقاد کررہی ہے تاکہ نامیاتی گوشت کی پیداوار کو بڑھایا جاسکے اور جانوروں کو بہترین خوراک کی فراہمی اور ویکسینیشن سے متعلق عوامی شعور اجاگر ہوسکے جبکہ آبپاشی کے زیرتکمیل منصوبوں کی جلد تکمیل سے زراعت اور لائیواسٹاک کے شعبوں میں خاطر خواہ بہتری اور تبدیلی آئے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کا وسیع رقبہ اس کو شمسی توانائی کے حصول کے لئے موزویت فراہم کرتا ہے جس سے استفادہ کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں یورپی یونین کا تعاون صوبے کی مجموعی ترقی اور خوشحالی میں معاون ومددگار ثابت ہوگا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*