مینڈیٹ تسلیم نہ کیا گیا تو کسی کی حکومت نہیں چلے گی،اسپیکر قومی اسمبلی

speaker national assembly asad qaisar

اسلام آباد (آئی این پی ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں کو ایک دوسرے کا مینڈیٹ تسلیم کرنا چاہیئے، اگر احتجاج کا رویہ اختیار کیا جائے گا تو پھر کسی کی حکومت نہیں چلے گی،حزب اختلاف کے پاس حق ہے کہ وہ قانون کے مطابق جلسے جلوس کریں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس رویے کے ساتھ کل اگر حزب اختلاف انتخاب جیت گئی تو موجودہ حکمران جماعت والے بھی اسے نہیں مانیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات شفاف ترین ہوئے تھے جس کی گواہی بین الاقوامی اداروں نے بھی دی، میڈیا نے بھی دیکھا تھا کہ اسقدر پرامن انتخابات ماضی میں کبھی نہیں ہوئے۔حزب اختلاف کے 25 جولائی کو یوم سیاہ منانے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ان کے پاس حق ہے کہ وہ قانون کے مطابق جلسے جلوس کریں، تاہم انتخابی نتائج کو تسلیم کرنا چاہیئے۔قبائلی اضلاع میں ہونے والے انتخابات کے بارے میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وہاں زیادہ تر آزاد امیدواروں کے جیتنے کا رواج ہے، سیاسی جماعتوں کو یہاں اپنی جڑیں بنانے میں وقت لگے گا۔انہوں نے کہا کہ ان انتخابات میں ہماری جماعت کے اپنے لوگ آزاد کھڑے نہ ہوتے تو پی ٹی آئی سے کوئی نہیں جیت سکتا تھا، ہر نشست پر ہمارے اپنے دو سے تین لوگ آزاد کھڑے ہوئے۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قبائلی اضلاع میں انتخابات ایک تاریخی دن تھا جس سے اس علاقے کی محرومیوں کا خاتمہ ہوگا، عوام نے پہلی بار اتنے پرجوش طریقے سے انتخابات میں حصہ لیا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*