سول ہسپتال کوئٹہ کی موجودہ صورتحال تسلی بخش ہے ،وزیراعلیٰ بلوچستان

Chief Minister Balochistan, Mir Jam Kamal

کوئٹہ(خ ن) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سنڈیمن صوبائی ہسپتال (سول ہسپتال کوئٹہ) کی موجودہ صورتحال کو غیر تسلی بخش قراردیتے ہوئے ایک ماہ کے اندر ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتوں میں اضافے، صفائی کی صورتحال کی بہتری اور نئی تعمیر کی جانے والی او پی ڈی کو فوری طور فعال کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ ایک ہزار بستروں پر مشتمل سول ہسپتال کوئٹہ صوبے کا سب سے بڑا ہسپتال ہونے کے باوجود عوام کے معیار پر پورا نہیں اتررہا اور عوام کو ہسپتال سے شکایات ہیں، جن کا اظہار مختلف فورم کے ذریعہ کیا جاتاہے ، ان خیالات کااظہار وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے امور کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا، صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری، سیکریٹری صحت، کمشنر کوئٹہ اور ایم ایس سول ہسپتال بھی اجلاس میں شریک تھے، وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت اورہسپتال انتظامیہ کو ہسپتال کو ایک مثالی ادارہ بنانے کے لئے تمام مالی وانسانی وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں ادویات کی عدم دستیابی کی شکایات کا بھی نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ادویات کے لئے دستیاب خطیر فنڈز کے باوجود ادویات کی عدم فراہمی سنگین مسئلہ ہے جسے ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ ایم ایس ڈی کے امور کی صحیح طور پر انجام دہی نہ ہونے کے باعث ہسپتالوں کو ادویات کی بروقت فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے جنہیں ترجیحی بنیادوں پر ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے،انہوں نے بڑے سرکاری ہسپتالوں کو ادویات کی خریداری کا اختیار دینے کی پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی،وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت کی جاسکتی ہے، ہسپتال کے ملازمین حکومت سے تنخواہ لیتے ہیں فرائض کی ادائیگی کرکے کسی پر احسان نہیں کرتے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کے لئے جلد کیمرہ سسٹم نصب کئے جائیں گے اور ہسپتالوں کی بہتری کے اقدامات میں کسی قسم کا عذر قبول نہیں کیا جائے گا ، وزیراعلیٰ نے سول ہسپتال کی تعمیر ومرمت کے لئے فوری طور پر پی سی ون تیار کرنے اور محکمہ خزانہ کو اس مد میں فنڈز کے اجراءکی ہدایت بھی کی، وزیراعلیٰ نے کہاکہ دیگر شعبوں کی طرح شعبہ صحت میںبھی ماضی کے غیر سنجیدہ رویوں کے باعث مسائل میں اضافہ ہوا ہے،تاہم جہاں کام کرنے کا ارادہ ہو راستے خود بخود بن جاتے ہیں، صرف ترجیحات کے تعین اور خلوص نیت کی ضرورت ہے، قبل ازیں کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر سول ہسپتال کے امور کا جائزہ لے کر تیار کی جانے والے رپورٹ پیش کی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*