نقل کے مکمل خاتمے تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے ،حاجی محمد خان لہڑی

کوئٹہ(خ ن)صوبائی مشیر تعلیم حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ امتحانات میں غیر قانونی ذرائع استعمال کرنے کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔ نقل کے مکمل خاتمے تک چھین سے نہیں بیٹھیں گے۔ حکومت طلباءکے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی برداشت نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف اے ایف ایس سی کے منعقدہ سالانہ امتحانات کے مختلف سینٹروں کے دوروں کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن یوسف بلوچ اور کنٹرولر امتحانات عبدالنبی ساسولی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صوبائی مشیر تعلیم نے کوئٹہ، پشین اور کان مہترزئی امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے بعض امتحانی مراکز میں سہولیات نہ ہونے پر فوری احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ جبکہ بعض مراکز میں عملے کی غفلت پر شدید برہمی کا اظہار بھی کیا۔ صوبائی مشیر تعلیم نے ہال میں غیر قانونی زرائع استعمال کرنے پر مختلف مراکز کے 60 کے قریب امیدواروں کے پرچے منسوخ کرنے کے احکامات بھی جاری کردئیے۔ انہوں نے چیئرمین بورڈ اور کنٹرولر بورڈ کو ہدایات دی کہ امتحانی مراکز میں عملے کی غفلت پر کڑی نظر رکھی جائے اور غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف فوری محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے صوبائی مشیر تعلیم محمد خان لہڑی نے کہا کہ نقل جیسے ناسور کے خاتمے کے لیے والدین اور اساتذہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ محنت ایمانداری اور خلوص نیت کو اپنا شعار بناتے ہوئے امتحانات کی بھرپور تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ امتحانات میں میرٹ کی پامالی نہیں ہونے دی جائے گی۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ قابل اور محنتی طلباءامتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کریں۔ حکومت قابل اور محنتی طلباء و طالبات کی ہرممکن معاونت اور حوصلہ افزائی کرے گی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*