لاہور چیمبر کے نومنتخب عہدیداران کا صنعت و تجارت ،معیشت کی بہتری کیلئے تھنک ٹینک کا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار

لاہور ( این این آئی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصراور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل صنعت و تجارت اور معیشت کی بہتری کے لیے تھنک ٹینک کا کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ لاہور چیمبر کے سالانہ اجلاس عام سے خطاب کرتے ہوئے نومنتخب عہدیداروں نے کہا کہ کاروباری برادری کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ نومنتخب صدر الماس حیدر نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے بہترین دوستانہ مکینزم وضع کرنا ہوگا تاکہ لوگ رضاکارانہ طور پر ٹیکس نیٹ میں آئیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے لیے ایک سکیم متعارف کرائی جائے کہ جس نے پچھلے سال کی نسبت 20فیصد زائد ٹیکس دیا اسے آڈٹ سے مثتثنی قرار دیا جائے جس سے لوگ جوق و درجوق ٹیکس نیٹ میں آئیں گے اور حکومت کو محاصل کے اہداف پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجرتنظیموں کے انتخابات اور دیگر مسائل کی وجہ سے تاجر مقررہ وقت تک ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرواسکے لہذا اس میں کم از کم ایک ماہ کی توسیع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ دوسال قبل لاہور چیمبر نے ایل ڈی اے سے مل کر لاہور کے شمال و جنوب میں صنعتیں لگانے کے لیے 66ہزار ایکڑ زمین کی نشاندہی کی تھی مگر دوسال گزرنے کے باوجود اس کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہوسکا، فائل وزیراعلی آفس میں پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی آبادی ایک کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے مگر انفراسٹرکچر ضروریات کے مطابق نہیں، لاہور کا ایئرپورٹ چین کے کسی دیہی علاقے کے ایئرپورٹ سے بھی چھوٹا ہے جبکہ ریلوے سٹیشن بھی اسی سطح پر ہے جہاں 1947ءمیں تھا، ہوٹلز کا فقدان ہاسپٹلٹی انڈسٹری کو متاثر کررہا ہے، ایئرپورٹ اور ریلوے سٹیشن کی فوری توسیع کی جائے کیونکہ یہ کمیونیکیشن کے اہم ذرائع ہیں، بین الاقوامی معیار کے زیادہ سے زیادہ ہوٹل قائم کرکے ہاسپٹلٹی انڈسٹری کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری آسانیوں کے حوالے سے پاکستان 147ویں درجے پر ہے جو بہت تشویشناک ہے۔ حکومت کو یہ رینکنگ بہتر کرکے کم از کم 50تک لانے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں، اس کے لیے حکومت قواعد و ضوابط میں تبدیلی کرکے آسان اور کاروبار دوست کرے۔ خواجہ شہزاد ناصر اور فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی کہ یہ کاروباری شعبہ میں قدم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر ٹریفک کے مسائل، پارکنگ پلازہ کے لیے بھی آواز بلند کی جائے گی۔ قبل ازیں سبکدوش ہونے والے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید اور نائب صدر ذیشان خلیل نے پورے سال کی کارکردگی پیش کی اور الیکشن کمیشن نے انتخابات کے نتائج کا باقاعدہ اعلان کیا۔ سابق صدور افتخار علی ملک، میاں شفقت علی، شیخ محمد آصف، محمد علی میاں اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*