سی پیک دو بہترین اور سدابہار دوستوں کے مابین عملی تعاون کا مظاہرہ ہے

اسلام آباد(بیورورپورٹ)پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاﺅ جنگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) دو بہترین اور سدا بہار دوستوں کے مابین عملی تعاون کا بہترین مظاہرہ ہے ،چین اور پاکستان کی نئی حکومت نے منصوبہ کو کامیابی اور خوش اسلوبی کے ساتھ آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ،چینی شہری سی پیک منصوبوں پر دلجمی کے ساتھ کام کر رہے ہیں تا کہ پاکستان کےلئے خوشحالی حاصل کی جا سکے ۔ ان خیالات کا اظہار چینی سفیر نے جمعہ کو سفارتخانے میںچین کے قیام کی 69ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز ،سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف ، وزیراطلاعات فواد چوہدری ، سابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب ، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی ، وزیرمنصوبہ بندی وترقی خسرو بختیار، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے بھرپور شرکت کی ۔ تقریب میں پاک چین گورنمنٹ پرائمری سکول گوادر کی طالبات نے دونوں ممالک کے ترانے پڑھے اور خوب داد وصول کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک دو بہترین اور سدا بہار دوستوں کے مابین عملی تعاون کا بہترین مظاہرہ ہے ،چین اور پاکستان کی نئی حکومت نے منصوبہ کو کامیابی اور خوش اسلوبی کے ساتھ آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے ،چینی شہری سی پیک منصوبوں پر دلجمی کے ساتھ کام کر رہے ہیں تا کہ پاکستان کےلئے خوشحالی حاصل کی جا سکے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیشہ سدا بہار دوستی کو فروغ دینے کےلئے اپنا کردارادا کیا ہے ، چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے جس نے گزشتہ چالیس سالوں میں 70کروڑ لوگوں کو خط غربت سے باہر نکالا اور لوگوں کو خوشحال زندگی فراہم کی ، چینی صدر شی جن پھنگ کے نظریہ ون بیلٹ ون روڈ کے مطابق دنیا بھر میں مشترکہ جیت اور ترقی کے حصول کےلئے کام کر رہے ہیں ، پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جس کے تحت مقامی افراد کو روزگار کے بھرپور مواقع حاصل ہو رہے ہیں ، چین سی پیک کے منصوبوں پر کام جاری رکھے گا اور یہاں سماجی ومعاشرتی ترقی کے مختلف منصوبوں پر بھی سرمایہ کاری کی جائے گی ۔ پاکستان کےساتھ تجارت کو فروغ دیا جائے گا اور پالیسی سازی کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ چین نے سی پیک کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے ایک بہترین دوست ہونے کا ثبوت دیا ہے ، پاکستانی عوام اور چینی عوام اس مخلصانہ دوستی کی ضامن ہے ،چین کےساتھ دوستی پاکستان کی خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہے ، پاکستان میں حکومت کی منتقلی سے پاک چین تعلقات متاثر نہیں ہوں گے ، نئی حکومت بھی باہمی تعلقات کو فروغ دینے کےلئے بھرپور طریقے سے کام کرے گی ، باہمی تعلقات تاریخ کے آئینے میں ہمیشہ شاندار رہے ہیں ، چین کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے پاکستان میں تعمیروترقی کے عمل کو فروغ دینے کےلئے دوستانہ کردار ادا کیا ہے ، پاکستان ہمیشہ ون چائنا پالیسی کے اصول کی حمایت کرتا رہے گا ، چین دنیا کی ابھرتی ہوئی طاقت ہے ، دنیا اس وقت مشرق کی ترقی کو دیکھ رہی ہے جبکہ مشرق چین کی طرف دیکھ رہا ہے ۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*