ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی ، سابق کر کٹرزقومی ٹیم پر برس پڑے

ابوظہبی(سپورٹس ڈیسک)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سپر فور مرحلے کے چھٹے اور آخری میچ میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے، ایسے میں سابق کپتان شاہد آفریدی،وسیم اکرم ،رمیز راجہ اور سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی ٹیم کی کارکردگی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بنگلہ دیش کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ انہیں پاکستانی ٹیم کی پوری کارکردگی سے کافی مایوسی ہوئی ہے۔کرکٹ کے ہر شعبہ میں کمی دیکھنے کو ملی۔آفریدی نے لکھا کہ گزشتہ ٹورنامنٹ میں نوجوانوں کی طرف سے بہت اچھی کرکٹ کھیلی گئی تھی جس کے بعد توقعات بڑھ گئی تھیں۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو زبردست واپسی کے لیے زیادہ توجہ اور محنت کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ پاکستانی ٹیم کی گرتی ہوئی کارکردگی دیکھنا مایوس کن ہے۔انہوں نے لکھا، میں امید کرتا ہوں کہ اگلی سیریز تک انتظامیہ سیلیکٹرز اور کھلاڑی ایک ساتھ چلیں، لیکن کوئی بات نہیں میں اب بھی پاکستان ٹیم کے ساتھ ہوں۔سابق کپتان و آل راونڈر وسیم اکرم نے کہا ہے کہ زمبابوے کے ساتھ بہت زیادہ کھیلنا پاکستان ٹیم کی ناقص کارکردگی کا بنیادی سبب ہے اور ہمیں نچلے رینک کی ٹیموں کے ساتھ کم میچز کھیلنے چاہئیں۔وسیم اکرم نے کہا کہ میں خود اس بات کے حق میں ہوں کہ ہمیں کھیل کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہیے مگر اس مقصد کیلئے کسی بھی چھوٹی ٹیم سے ایک میچ کھیلنے میں کوئی مضائقہ نہیں لیکن زمبابوے جاکر وہاں پر 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے سے کیا سیکھا اور کیا فائدہ ہوا، ٹیم یا کھلاڑیوں کو اس قسم کے دوروںسے کچھ بھی حاصل نہیں ہوسکتا، وہاں پر ہمارے بیٹسمین رنز کے انبار لگاتے ہیں، ڈبل سنچریاں اسکور کرتے ہیں لیکن جب ان کا سامنا اچھی بولنگ اور بڑی ٹیموں سے ہوتا ہے تو انہیں ایسے ہی نتائج کا سامنا کرناپڑتا ہے اور وہ ناکامی کا شکار ہوجاتے ہیں۔معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے پاکستان کی بنگلہ دیش سے شکست پر شدید تنقید کی ہے ،رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم نے تمام خواب چکنا چور کردیے۔ ایشیا کپ سے پہلے پاکستان فیورٹ تھا۔ٹیم کے لیے یہ ایونٹ ڈرانا خواب شامل ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سرفراز الیون کو 37 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔قومی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے پر اب شدید تنقید کا سامنا ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*