وفاقی کابینہ کی حکومت پاکستان کے امریکی ڈالرز کے ایمنسٹی بانڈز رولز کی منظوری

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی کابینہ نے حکومت پاکستان کے امریکی ڈالرز کے ایمنسٹی بانڈز رولز 2018ءکی منظوری دیدی ہے جبکہ ایم ڈی بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ کا استعفیٰ منظور کرلیاگیا ہے۔ جمعہ کو وفاقی کابینہ کا اجلاس نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر بیرسٹر عابد وحید شیخ کا استعفیٰ منظور کرلیاگیا اور پاکستان بیت المال کا اضافی چارج ایڈیشنل سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو سونپنے کی منظوری دی گئی ۔کابینہ نے انسانی وسائل کی ترقی کے شعبہ میں تعاون کے لئے پاکستان اور سوڈان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے حکومت پاکستان کے امریکی ڈالرز کے ایمنسٹی بانڈز رولز 2018ءکی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے مایہ ناز سفارتکار جمشید مارکر کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے سفارت کاری کے میدان میں اور ملک کے لئے ان کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*