عیدالفطر کے دنوں میں اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان

اسلام آباد(صباح نیوز)عیدالفطر کے دنوں میں اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعے کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا جب کہ کشمیر، ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند ایک مقامات پر بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 15 جون کو ہزارہ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش متوقع ہے جب کہ ساہیوال ڈویژن میں بھی بعض مقامات پر بارش ہوسکتی ہے محکمہ موسمیات کراچی کا کہنا ہے کہ عیدالفطر کے ایام میں ہوا میں نمی کا تناسب کم رہے گا جب کہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی وجہ سے بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کا کہناہے کہ اگلے 4روز کے دوران شہر میں موسم معتدل رہنے کی توقع ہے ان کا کہناہے کہ نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے شہر کا مطلع جزوی ابر آلود ہے ، یہ سلسلہ عید کی چھٹیوں کے دوران بھی برقرا ر رہ سکتا ہے اور اسی دوران بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔شہر میں کئی روز سے کم درجہ حرارت کے باوجود حدت کے باعث بننے والے ہوا میں نمی کا تناسب بھی اگلے چندروز کے دوران معتدل رہنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے گرمی کا احساس کم رہے گا، بدھ کو شہر میں تیز رفتار سمندری ہوائیں چلیں جس کی رفتار 40کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی،ہوا میں نمی کاتناسب صبح 75 بعدازاں 62فیصد ریکارڈ کیاگیا۔محکمہ موسمیات نے آج شہر کا موسم مطلع ابرآلود رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعے سے نم ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جو گرج چمک کے ساتھ بارش کا سبب بنیں گی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*