تازہ ترین

پولیس کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافے کیلئے اقدامات کئے جائینگے،جام کمال

کوئٹہ(خ ن) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری کے لیے پولیس کی ڈیجیٹائزیشن ناگزیر ہے بہتر نظام سے نہ صرف سیکیورٹی موثر ہوتی ہے بلکہ مجموعی طور پر امن و امان کی بہتر صورتحال سے معاشی ترقی اور خوشحالی بھی آتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹرل پولیس آفس بلوچستان کوئٹہ میں ڈیٹا، کمانڈ اینڈ کمیونیکیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزراءمیر ظہور احمد بلیدی، میر سلیم احمد کھوسہ، پارلیمانی سیکرٹریز بشری رند، مبین خان خلجی، رکن صوبائی اسمبلی خلیل جارج، وزیراعلی کے لائزن اسسٹنٹ پرنس احمد علی بلوچ، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی، متعلقہ حکام نے مذکورہ سنٹر کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جدید سسٹم سے پولیس سٹیشن کارڈ مینجمنٹ کا نظام بہتر کیا جا سکے گا۔ نفری، جرائم،تفتیش،سیکورٹی،پروفائلنگ، انسپکشن، ڈسپلین کو بھی موثر بنایا جا سکے گا اس کے ساتھ ساتھ اس نظام کے ذریعے مجرموں اور جرائم کے پورے ڈیٹا کو بھی ریکارڈ کیا جا سکے گا اور جدید ڈیٹا اینڈ کمانڈ سینٹر کے ذریعے کرمنلز ریکارڈ کی آئیڈیٹیفکیشن ممکن ہو گی۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہوٹلوں میں رہائشی افراد اور مسافروں کا ڈیٹا اور کرایہ داران کا اندراج اور شناخت میں مدد ملے گی جبکہ انٹیگریٹڈ کمیونیکیشن سسٹم کے ذریعے ہر تھانے کا ڈیٹا دستیاب ہوگا۔متعلقہ حکام نے مزید بتایا کہ 29 اضلاع میں سرویلینس سسٹم کا آغاز کیا جائے گا اور پانچ مزید سیٹلائٹ موبائل پولیس خدمت مرکز بھی قائم کئے جائیں گے۔ اور اس سسٹم کے تحت ای ٹیگنگ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور ڈیجیٹل نگرانی بھی کی جاسکے گی جبکہ سینٹر میں 15 ایمرجنسی کال سینٹر، 1715 کمپلینٹ سینٹر، ٹاسک منیجمنٹ، ویڈیو وال سلوشن اور کرائم میپنگ کی سہولت بھی موجود ہوگی۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے آئی جی پولیس بلوچستان اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈیٹا کمانڈ اینڈ کمیونیکیشن سینٹر نہایت ہی اہمیت کا حامل سسٹم ہے۔ جو جدید پولیسنگ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم کے تحت بلوچستان پولیس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جرائم پیشہ افراد کا سراغ لگا سکے گی۔ وزیراعلی نے کہا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ بہتر سروس ڈیلیوری کے لیے پولیس اسٹیشنز میں جامع اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ صوبائی حکومت کا ایک بڑا اور اہم پروجیکٹ ہے جس میں مزید جزئیات بھی شامل کی جائیں گی تاکہ ڈیجیٹل نگرانی کے ذریعے امن و امان کے نظام کو مزید م¶ثر اور پائیدار بنایا جا سکے۔ اس موقع پر وزیر اعلی نے وومن اسمارٹ پولیس سٹیشن، اسمارٹ پولیس سٹیشن سول لائن اور پولیس موبائل خدمت مرکز کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا اور ڈیٹا، کمانڈ اینڈ کمیونیکیشن سینٹر کے مختلف حصوں اور شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*