تازہ ترین

ٹروڈو اور عمران خان تعلقات کیلئے بہتر اقدامات کررہے ہیں

کراچی (کامرس ڈیسک)یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ اور ایف پی سی سی آئی کے سابق صدرایس ایم منیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کینیڈاجسٹن ٹروڈو اور وزیراعظم پاکستان عمران خان باہمی تعلقات کی وسعت کیلئے قابل قدر اقدامات کررہے ہیں اورپاکستان اور کینیڈا کے مابین تجارتی تعلقات میںمزید بہتری کیلئے انکی کوششیں جاری ہیں، کورونا وائرس سے مقابلے کیلئے وزیراعظم کینیڈاجسٹن ٹروڈو(Justin Trudeau)نے بہترین اقدامات کئے جس کی وجہ سے کینیڈا نے کورونا وباءکو شکست دینے میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے پیش قدمی شروع کردی ہے اوریہ اطلاع خوش آئند ہے کہ کینیڈا کی ایک دوا ساز کمپنی نے کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری شروع کردی ہے اور اب یہ کمپنی کورونا وائرس کے علاج کیلئے درکار اہم اینٹی باڈیز کی نشاندہی اور تجربات کیلئے کام شروع کر رہی ہے، عمران خان حکومت کی جانب سے بہترین اقدامات کے سبب جلد ہی پاکستان بھی کورونا وباءسے نجات حاصل کرلے گا ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یو بی جی کینیڈا کے چیئرمین اورکینیڈا کے معروف بزنس مین نوید بخاری سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ایس ایم منیر کے ہمراہ یو بی جی ترجمان گلزارفیروزبھی موجود تھے۔ ایس ایم منیر نے ٹورنٹو میں پاکستان قونصلیٹ اورکینیڈا میں یو بی جی کے چیئرمین نوید بخاری کی جانب سے پاکستان اور کینیڈا کے بزنس مینوں کو قریب لانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی سفارتکاروں کی کارکردگی بے مثال ہے جودوطرفہ تعلقات میں اضافے کیلئے مثبت کوششوں میں مصروف ہیں ، اگر دونوں ملکوں کے تجارتی وفود کو ایک دوسرے کے ممالک کے دورے میں آسانی مہیا کی جائے تو نہ صرف سرمایہ کار آگے بڑھیں گے بلکہ تجارتی نمائشوں کے ذریعہ دوطرفہ تجارت بھی بڑھ سکے گی۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*