تازہ ترین

وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان گوادر شپ یارڈ کے حوالے سے معاہدہ طے

کوئٹہ(پ ر) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا ہے کہ آج کا دن تاریخی اور خوشحالی کا ہے جس میں ہم اپنے ملک اور صوبے کی بہتر مستقبل کے لئے ایک اہم منصوبہ شروع کرنے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں وفاق اور صوبائی حکومت کے درمیان گوادر شپ یارڈ کے حوالے سے ایک معاہدہ طے پانے پر باہمی دستاویزی یادداشت پر دستخط کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیرکے ہمراہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر زبیدہ جلال نے کہا کہ شپ یارڈ کی صنعت صوبہ بلوچستان کی ریونیو میںخاطرخواہ اضافہ کرے گی اور اس اہم منصوبے سے نوجوانوں کو خصوصی تربیت اور روزگار کے کافی مواقع فراہم ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں شپ یارڈز کی تعداد بہت کم ہے وقت کی ضرورت ہے کہ ہم اس کو آگے لے جائیں اور ان کی تعداد بڑھائی جائے اس وقت بھارت میں 143 اور بنگلہ دیش میں 26 شپ یارڈز ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی کے بعد گوادر میں شپ یارڈ بنانے جارہے ہیں جس میں جدید بحری جہازوں کی تیاری ہوگی اور بڑے جہازوں کی مرمت کا بھی بندوبست ہوگا اور یہ شپ یارڈ کراچی سے بڑا اور جدید خطوط پر استوار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بڑے منصوبے شروع کرنے سے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا جہاں پر شپ یارڈ بنائی جائے گی وہاں کی مقیم آبادی کو کہیں منتقل نہیں کیا جائے گا انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں ایسا منصوبہ عمل میں لایا جائے گا کہ مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ ہو۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہاں کی مقیم آبادی کو زندگی کی تمام سہولیات پہنچانے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ مفت تعلیم، صحت ،پینے کے صاف پانی کے لئے ایک طریقہ کار مرتب کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر ایک بڑا منصوبہ شروع کرنے پر فوقیت دی اور ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ گوادر شپ یارڈ ملک اور صوبے کے حوالے سے ملکی معیشت کو اجاگر کرنے کا تاریخی منصوبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ خطے کی بہترین محل و وقوع پر ہے جہاز رانی کے حوالے سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں روزگار کے مواقع ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت کم ہے۔ گوادر شپ یارڈ جیسا منصوبہ روزگار کے ساتھ گوادر کی ترقی کا ذریعہ بھی بنے گا۔ اس سلسلے میں پہلی ترجیح بلوچستان کے عوام کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وہ اپنے اہداف مقررہ وقت میں طے کریں۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*