تازہ ترین

نیب کا بی فار یو اور آل پاکستان پراجیکٹ کےخلاف گھیراتنگ ،سی ای او گرفتار

اسلام آباد (آئی این پی) نیب نے دھوکہ دہی کے ذریعے عوام سے اربوں روپے اکٹھے کرنے والی کمپنیوں بی فار یو اور آل پاکستان پراجیکٹ کے خلاف گھیراتنگ کر دیا،آل پاکستان پراجیکٹ کے سی ای او آدم امین کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاریوں کےلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، دونوں کمپنیاں سرمایہ کاری کے نام پر منافع کا لالچ دیتے ہوئے عوام سے غیر قانونی طور پر رقوم ہتھیا رہی تھیں، نیب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے خون پسینے کی کمائی جعلی اور غیر قانونی کمپنیوں کے فراڈ پر مبنی منصوبوں میں ہرگز نہ لگائیں،چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ ملک سے کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ عناصر کو قانون کی گرفتار میں لانے کےلئے پرعزم ہیں۔ جمعہ کو نیب کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق آل پاکستان پراجیکٹ کے سی ای او آدم امین کو گرفتار کرلیا گیا ہے ،نیب راولپنڈی نے بی فار یو اور آل پاکستان پراجیکٹس کے خلاف انکوائریاں شروع کر رکھی تھیں، انکوائریوں میں یہ ثابت ہوا ہے کہ دونوں کمپنیاں غیر قانونی طور پر اپنا کاروبار چلا رہی ہیں، دونوں کمپنیوں کے پاس لائسنس نہیں ہیں اور یہ دھوکہ دہی کے ذریعے عوام سے بڑے پیمانے پر منافع کا لالچ دے کر رقوم اکٹھی کر رہی تھیں،دونوں کمپنیوں نے سرمایہ کاری کے غیر قانونی منصوبے بنا کر عوام کو سرمایہ کاری کی ترغیب دی اور لوگوں سے ان کے خون پسینے کی کمائی ہتھیالی،اربوں روپے اکٹھے کرنے والی ان کمپنیوں کی سر گرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ نیب اعلامیہ میں عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی خون پسینے کی کمائی فراڈ کے ذریعے شروع کی گئی سرمایہ کاری کی سکیموں میں نہ لگائیں،نیب کی طرف سے آل پاکستان پراجیکٹس اور بی فار یو سے منسلک افراد کی گرفتاریوں کےلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ ان کمپنیوں کے اثاثے ضبط کرتے ہوئے ان کے دفاتر بھی سیل کئے جا رہے ہیں۔ چیئرمین نیب نے نیب راولپنڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ عناصر کو قانون کی گرفتار میں لانے کےلئے پرعزم ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*