مہنگائی کی شرح کو روکنے پر خصوصی توجہ دی جائے،عمران خان

اسلام آباد(آئی این پی) وزیر اعظم عمران خان نے حکام کو آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاری منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے،وزیر اعظم نے کہا ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ مہنگائی کی شرح کو روکنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے ، وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو اعلی سطح کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ، اجلاس میں آئندہ بجٹ اورملکی معیشت کا جائزہ لیا گیا، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، شفقت محمود، اسد عمر، فواد چوہدری، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا محمود خان، صوبائی وزرا ہاشم جواں بخت، تیمور سلیم جھگڑا اور متعلقہ اعلی حکام اجلاس میں شریک ہوئے،اجلاس میں آئندہ بجٹ کے حوالے سے پارٹی کی سینئر قیادت سے تجاویز طلب کی گئیں ، اجلاس میں تفصیلی طور پر ملکی معیشت، مہنگائی کو روکنے کیلئے حکمت عملی اور آئندہ مالی سال میں ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو ہوئی.اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ترقیاتی بجٹ ہوگا جس میں تمام تر توجہ شرح نمو میں اضافے پر ہوگی، آئندہ مالی سال میں ترقیاتی کاموں کو مزید تیز تر کرکے نئے منصوبوں کا اجرا کیا جائے گا جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونگے جی ڈی پی کا حجم بڑھے گا اور محصولات میں اضافہ ہوگااجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی ہے تاہم حکومت کی جامع پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت کا پہیہ رواں ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کورونا وبا کے باوجود حالیہ سمارٹ لاک ڈان سے پہلے محصولات کی شرح پچھلے سال اپریل سے تقریبا دوگنا ریکارڈ کی گئی. اسکے علاوہ وزیرِ اعظم کو مہنگائی کو روکنے کیلئے بنائی گئی جامع حکمتِ عملی سے بھی آگاہ کیا گیا. وزیرِ اعظم نے اس موقع پر ہدایت دی کہ آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جاری منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ مہنگائی کی شرح کو روکنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*