تازہ ترین

دورہ انگلینڈ پر جانے والے کاشف بھٹی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

ڈربی(سپورٹس ڈیسک)دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم میں شامل کاشف بھٹی کا انگلینڈ پہنچنے کے بعد کیا جانے والا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ اور تین ٹی 20میچوں کی سیریز کھیلنے اس وقت انگلینڈ میں موجود ہے، خصوصی طیارے کے ذریعے 20کھلاڑیوں کا پہلا دستہ جون کے آخری ہفتے میں انگلینڈ پہنچا تھا، جس کے بعد جولائی کے پہلے ہفتے میں چھ مزید کھلاڑی انگلینڈ پہنچے۔8جولائی کو مساجر ملنگ علی کے ساتھ تین کھلاڑی عمران خان، حیدر علی اور کاشف بھٹی جب انگلینڈ پہنچے تو ان کا انگلینڈ میں کورونا ٹیسٹ لیا گیا تو کاشف بھٹی کا ٹیسٹ مثبت آیا، جس کے بعد ووسٹر میں انھیں ٹیم ہوٹل میں دیگر کھلاڑیوں سے علیحدہ رکھا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ کاشف بھٹی کو دو ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انگلینڈ بھیجا گیا، ان کا معاملہ اب انگلینڈ بورڈ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔پی سی بی نے کاشف بھٹی کے کورونا ٹیسٹ کے معاملے پر انگلش کرکٹ بورڈ(ای سی بی)سے رابطہ کرکے اپ ڈیٹ مانگی ہیں، بورڈ کا کہنا ہے کہ بائیو سیکیور ماحول کے تمام انتظامات کا دائرہ اختیار ای سی بی کا ہے،کاشف بھٹی کا ائیر لائن کے لیے کرایا گیا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا ، اسکواڈ کے حوالے سے اگلے لائحہ عمل کے بارے میں بھی ای سی بی بتائے گا،پی سی بی نے بتایا کہ فاسٹ بولر حارث روف پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں، ان کا ایک ٹیسٹ منفی آچکا ہے، دوسرا ٹیسٹ منفی آنے پر انگلینڈ جانے کے اہل ہوں گے۔13جولائی کو ٹیم نے ووسٹر سے ڈر بی کے لیے سفر کیا تو ان چار افراد نے علیحدہ گاڑی میں سفر کیا، البتہ ڈر بی پہنچے کے بعد عمران خان، حیدر علی اور مساجر ملنگ علی ٹیم کے باقی کھلاڑیوں کے ساتھ گراﺅنڈ جا رہے ہیں تاہم کاشف بھٹی بدستور قرنطینہ میں ہیں اور انھیں ٹیم سے علیحدہ رکھا گیا ہے۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*