تازہ ترین

خواتین کو معاشی مواقع کی دستیابی کے عالمی انڈکس میں پاکستان کی درجہ بندی میں 25 پوائنٹ اضافہ

اسلام آباد (کامرس ڈیسک)کاروبار میں خواتین کی نمائندگی کی صورت حال کو ظاہر کرنے والے بین الاقوامی انڈکس ’خواتین، کاروبار اور قانون‘کی 2021 بین الاقوامی رپورٹ میں پاکستان کی درجہ بندی 25 پوائنٹ اضافے کے بعد 75 پوائنٹ ہو گئی ہے۔ پاکستان کی خواتین انٹر پنیور کے حوالے سے درجہ بندی میں اضافے میں ایس ای سی پی کی جانب سے کمپنیوں کی رجسٹریشن کو آسان و سہل بنانے کی اصلاحات کا نمایاں کردار ہے۔ ’خواتین، کاروبار اور قانون کی رپورٹ، عالمی بنک (ورلڈ بینک) کی رپورٹ ہے جس میں خواتین کو معاشی مواقع کی دستیابی اور سازگار کاروباری ماحول کے حوالے سے 190 ممالک کے قوانین اور ریگولیشنز کی جانچ کی جاتی ہے۔ اس رپورٹ میں خواتین کو نقل و حرکت کے مواقع، کام کی جگہ، تنخواہ، شادی، کاروبار، اثاثے، اور پنشن کے دستیاب مواقعوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ سال 2021 کی رپورٹ میں پاکستان نے دو اعشاریوں، کاروبار اور کام کی جگہ پر کارگردگی کے اعشاریوں میں مجموعی اسکور 49.9 سے بہتر ہو کر 55.6 تک ہو گیا ہے۔ پاکستان کو خواتین کے لئے کاروبار کے مواقع بہتر بنانے کے لئے اصلاحات متعارف کروانے والی دنیا کی پانچ معیشتوں میں شامل کیا گیا ہے. حوصلہ افزاءامر یہ ہے کہ گزشتہ سال مارچ سے مارچ 2021 تک کے عرصہ میں ایس ای سی پی نے کل 21,168 کمپنیاں رجسٹر کیں، جن میں سے 5,145 کمپنیوں میں کم از کم ایک خواتین ڈائریکٹر شامل ہیں۔ کمپنیوں میں خواتین کی نمائندگی کی شرح 24.3 فیصد ہے جو کہ کافی حوصلہ افزاءہے۔ ایس ای سی پی ملک کی معاشی ترقی میں خواتین کے کردار کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے، ادارے میں صنفی مساوات قائم کرنے اور خواتین کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*