تازہ ترین

ایف آئی آرزکے اندراج کا سلسلہ بند نہ ہوا تو دالوں کی فروخت مکمل بند کر دینگے

لاہور( کامرس ڈیسک) کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری طاہرثقلین بٹ نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے چھ ماہ سے ریٹ لسٹ جاری نہیں کی گئی جبکہ اس مدت میں دالوں کی قیمتیں کئی گنا بڑھنے کے باوجودہمیں پرانی ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت کےلئے پابند کیا جارہاہے ،اگر انتظامیہ کی جانب سے ایف آئی آرزکے اندراج کا سلسلہ فی الفور بند نہ کیا گیا تودالوں کی فروخت مکمل بند کر دیں گے ۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے اپنے دفتر میں بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں مختلف علاقوں کے دکانداروںنے بھی شرکت کی ۔ طاہرثقلین بٹ نے کہا کہ انتظامیہ کے افسران ہمارے ساتھ کوئی میٹنگ کرتے ہیں اور نہ ہی موثررابطوں کا کوئی ذریعہ ہے ،بیورو کریسی دفاترمیں بیٹھ کر پالیسی بناتی ہے اوراسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر اس کے نفاذ کا اعلان کردیا جاتا ہے ۔ انتظامیہ نے چھ ماہ سے ریٹ لسٹ جاری نہیں کی جبکہ اس دوران دالوں کی قیمتیںکہاں سے کہاں پہنچ گئی ہیں، اس کے باوجودہمیں پرانے نرخوں پر فروخت کےلئےپابند کیاجارہا ہے ، یہی صورتحال چینی کی فروخت کے معاملے میں بھی ہے اورحکومت یہاں بھی زمینی حقائق کے برعکس اپنا فیصلہ مسلط کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے کہ تاجروں سے سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے ، اگردکانداروں کے خلاف ایف آئی آرز کے اندراج کاسلسلہ فی الفوربند نہ کیا گیا تودالوںکی فروخت مکمل بند کر دیں گے اور احتجاج کے لئے حکمت عملی کا اعلان کر دیا جائے گا ۔

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*